خوش آمدید

لو اسٹوری فورم ، اردو دنیا کا نمبر ون اردو اسٹوری فورم ، ابھی فورم کےممبر بنیں اور اردو کی بہترین کہانیاں پڑھیں ۔

Register Now!
Welcome image
  • If you are unable to access the site, please try accessing it via a VPN.
    Try these VPN apps — CLICK HERE
  • PAID PLANS

    ٹاپ پیکیج
    👑

    PREMIUM

    16000
    چھ ماہ کے لیے
    بہترین ڈیل
    💎

    VIP+

    6000
    چھ ماہ کے لیے
    بنیادی ڈیل
    ⭐

    VIP

    3500
    تین ماہ کے لیے

Spy Thriller مشن ۔۔۔را

Man mojiMan moji is verified member.

Staff member
Super Mod
Joined
Dec 24, 2022
Messages
12,169
Reaction score
384,602
Location
pakistan
Gender
Male

مشن را
قسط 1

وہ کمرہ آٹھ بائی آٹھ فٹ سے زیادہ بڑا نہیں تھا۔ سنگلاخ دیواریں، گرد آلود فرش، سامنے لوہے کی موٹی موٹی سلاخوں والا دروازہ اور پچھلی دیوار میں تقریباً بارہ فٹ اوپر، پندرہ انچ لمبا اور آٹھ انچ چوڑا روشن دان۔ اس میں بھی لوہے کی موٹی موٹی سلاخیں لگی ہوئی تھیں۔ اگر اس روشن دان میں سلاخیں نہ بھی ہوتیں تو میری صحت پر کوئی فرق نہیں پڑ سکتا تھا۔ بلی کا بچہ تو شاید اس میں سے گزرنے میں کامیاب ہو جاتا، مگر میں بلی کا نہیں، انسان کا بچہ تھا۔ پانچ فٹ سات انچ قد اور صحت مند جسم۔ مجھ جیسے ہٹے کٹے آدمی کے لیے اس روشن دان سے گزرنے کا تصور کرنا بھی دنیا کی سب سے بڑی حماقت ہوتی۔

اس روشن دان کا ایک فائدہ ضرور تھا کہ مشرقی رخ پر ہونے کی وجہ سے دن کے وقت وہاں سے کچھ دیر کے لیے دھوپ اور روشنی آ جاتی تھی اور میں آسمان کے کچھ حصے کا نظارہ کر سکتا تھا۔ سلاخوں والے دروازے کے سامنے ایک تنگ سی راہداری تھی، جس کی وجہ سے دن کے وقت بھی کمرے کا ماحول نیم تاریک سا رہتا تھا۔ یہاں بجلی نہیں تھی۔ شام کے وقت راہداری میں ایک طرف لالٹین اور کیروسین لیمپ کی مدھم سی روشنی نظر آ جاتی، مگر میرا کمرہ تاریکی میں ہی ڈوبا رہتا۔ گزشتہ تین دنوں کے دوران میرے کمرے میں روشنی کا بندوبست بھی نہیں کیا گیا تھا۔ شاید اس کی ضرورت ہی نہیں سمجھی گئی تھی۔

جی ہاں، میں پچھلے تین دن سے پتھروں کی دیواروں والے اس کمرے میں قید تھا اور میری نگرانی کرنے والوں کے دل ان پتھروں سے بھی زیادہ سخت تھے۔ ان تین دنوں کے دوران انہوں نے ایک مرتبہ بھی مجھے اس کمرے سے باہر نہیں نکالا تھا اور اس عرصے کے دوران میں اس کمرے کے چپے چپے کا جائزہ لے چکا تھا۔

دو دیواروں کے سنگم پر فرش پر تین پتھر رکھ کر چولہا سا بنا ہوا تھا، جس میں شاید برسوں پرانے بجھے ہوئے کوئلے اور راکھ پڑی ہوئی تھی۔ ان کوئلوں اور راکھ پر بھی دھول کی تہہ جمی ہوئی تھی اور اسی سے میں نے اندازہ لگایا کہ یہاں آگ برسوں پہلے نہیں تو مہینوں پہلے جلائی گئی ہوگی۔ دوسرے کونے میں تین فٹ لمبا اور اتنا ہی چوڑا، سیمنٹ کا تین انچ اونچا چبوترا بنا ہوا تھا۔ اس کھرے کی ڈھلان دیواروں کے نکڑ کی طرف تھی۔ دیوار میں کھرے کی سطح سے ذرا نیچے تین چار انچ گولائی کا سوراخ تھا، جس سے کھرے میں بہنے والا پانی باہر نکل جاتا۔

کھرے میں ایک طرف پلاسٹک کی، بغیر ہینڈل کی بڑی سی بالٹی رکھی ہوئی تھی، جس میں پانی بھرا ہوا تھا، اور پلاسٹک کا ایک گلاس کسی مردہ مچھلی کی طرح پانی کی سطح پر تیر رہا تھا۔ ان تین دنوں کے دوران میں اپنی ہر فطری ضرورت کے لیے وہ کھرا ہی استعمال کر رہا تھا۔ اگرچہ میں ہر مرتبہ اچھا خاصا پانی بہا دیتا، لیکن بڑی ناگوار سی بو کمرے کی فضا میں گویا رچ بس گئی تھی اور میں اس کا عادی بھی ہو گیا تھا۔

تین دن پہلے جب مجھے ایک بند وین میں ڈال کر یہاں لایا گیا تھا تو اس وقت شام کا دھندلکا پھیل رہا تھا۔ سفر کے دوران میری آنکھوں پر پٹی بندھی رہی تھی۔ اس کے باوجود میں نے یہ اندازہ لگا لیا تھا کہ تقریباً تین گھنٹوں کا یہ سفر کسی ویرانے میں طے ہوا تھا، کیونکہ اس دوران مجھے کسی اور گاڑی کے قریب سے گزرنے کی آواز سنائی نہیں دی تھی۔

میری آنکھوں کی پٹی اس وقت کھولی گئی جب وہ بند وین اپنا سفر ختم کر کے اس عمارت کے کمپاؤنڈ میں رک گئی تھی۔ آنکھوں سے پٹی کھل جانے کے بعد بھی میں دیر تک کچھ نہیں دیکھ سکا تھا۔ ایک لمحے کو تو میرے ذہن میں یہ خیال بھی ابھرا تھا کہ کہیں میری بینائی تو زائل نہیں ہو گئی۔ دو تین مرتبہ آنکھیں ملنے کے بعد ہی یہ احساس ہو سکا تھا کہ میری آنکھوں کی روشنی تو قائم تھی، البتہ دن کی روشنی غائب ہو رہی تھی۔

میں وین کے قریب کھڑا ادھر ادھر دیکھنے لگا۔ یہ بڑے بڑے پتھروں سے بنی ہوئی قدیم طرز کی کوئی عمارت تھی۔ بہت وسیع و عریض کمپاؤنڈ تھا۔ فصیل نما دیواریں کافی اونچی تھیں، جو جگہ جگہ سے ٹوٹی پھوٹی نظر آ رہی تھیں۔ بالکل سامنے وہ عمارت تھی، جس کا طرزِ تعمیر دیکھ کر پرانے زمانے کے راجپوت راجوں مہاراجوں کا تصور ذہن میں ابھرتا تھا۔ ایسی عمارتیں انڈین فلموں میں اکثر دیکھنے میں آتی ہیں۔ میں نے بہت سی انڈین فلمیں دیکھی ہیں۔

ویسے ہم پاکستانی بھی عجیب ہیں۔ ہندوستان سے ہماری کھلی دشمنی ہے۔ متعدد جنگیں ہو چکی ہیں۔ بھارت ہمارا ایک بازو کاٹ چکا ہے۔ طاقت کے بل بوتے پر کشمیر کو ہڑپ کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے۔ سرحدوں پر کئی بار جارحیت کا مرتکب ہو چکا ہے۔ اپنے ایجنٹوں کے ذریعے دہشت گردی کر کے ہمارے شہروں میں بے گناہوں کے خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ پاکستان کی سلامتی کے خلاف بھارتی حکمرانوں کی سازشوں کا چکر چرخے کی طرح چلتا رہتا ہے۔

جب کبھی صورتِ حال بہت زیادہ سنگین ہو جاتی ہے تو ہمارے عوام سڑکوں پر مظاہرے کرتے ہیں۔ جوش اور غصے میں اپنے ہی شہروں میں توڑ پھوڑ شروع کر دیتے ہیں۔ ٹرینوں پر حملے کرتے ہیں۔ سڑکوں پر بسوں اور گاڑیوں کو آگ لگا دیتے ہیں۔ پتھراؤ کر کے دکانوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔ سیاست دان بھارتی حکمرانوں کے خلاف بڑے دھواں دھار قسم کے بیانات جاری کرتے ہیں۔ بھارت کے خلاف نفرت اور غصے کا اظہار ہر طرح سے ہوتا ہے، مگر ہم انڈین فلمیں ہی دیکھتے ہیں۔

سڑکوں پر بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے لگا رہے ہوں تو گھروں میں ٹی وی پر مادھوری اور ہیما کی دلوں کو گرما دینے والی فلمیں ہی چل رہی ہوتی ہیں۔ بڑے بڑے ہوٹلوں کی بات نہیں کرتا، جھونپڑا قسم کے ہوٹلوں میں بھی یا تو وی سی آر پر انڈین فلمیں چل رہی ہوتی ہیں یا براہِ راست آنے والے چینلز سے دیدے سینکے جا رہے ہوتے ہیں۔

شاید میں اپنے موضوع سے ہٹ رہا ہوں۔ میں تو آپ کو بتا رہا تھا کہ میں نے بھی ایسے جھونپڑا قسم کے ہوٹلوں میں بہت سی انڈین فلمیں دیکھی ہیں اور ایسی عمارتیں انہی فلموں میں نظر آتی ہیں۔ مگر یہ عمارت شاید عرصے سے ویران پڑی تھی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی۔ اس عمارت کو دیکھنے سے اندازہ ہوتا تھا کہ اس میں کئی کمرے ہوں گے، لیکن میں یہ بھی دیکھ رہا تھا کہ اس عمارت کے کچھ حصے حوادثِ زمانہ کا شکار ہو کر کھنڈروں میں تبدیل ہو چکے تھے۔ البتہ جو حصے محفوظ تھے، وہ ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ لوگوں کے استعمال کے لیے رہ گئے تھے۔ چاروں طرف پھیلی ہوئی خاموشی سے میں یہ بھی اندازہ لگا سکتا تھا کہ یہ عمارت کسی آبادی سے میلوں دور ویرانے میں تھی، جہاں عام آدمی کا گزر نہیں تھا۔

میرے دائیں طرف کھڑے ہوئے شخص نے مجھے دھکا دیتے ہوئے کہا، ”یہاں کھڑا کیا دیکھ رہا ہے، چریا! آگے بڑھے گا یا یہیں کھڑے کھڑے زندگی گزار دے گا؟“

میں نے مڑ کر اس کی طرف دیکھا۔ اس کا قد چھے فٹ سے بھی نکلتا ہوا تھا۔ نیلے رنگ کی بڑے گھیر کی شلوار، میلی سی سفید قمیص، میرون رنگ کی نیلے پھولوں والی ایک چادر لمبائی کے رخ پر اس طرح تہہ کی گئی تھی کہ اس کی چوڑائی ایک بالشت سے زیادہ نہیں رہ گئی تھی۔ یہ چادر کمر پر لپیٹ کر اس کے دونوں پلو بغلوں میں سے گزار کر سامنے لاتے ہوئے کندھوں پر سے پیچھے کی طرف ڈال دیے گئے تھے۔

اس شخص کے پیروں میں براؤن جوتے تھے، جو خاصے پرانے تھے۔ اس نے غالباً تین چار روز سے شیو نہیں کی تھی۔ بڑی بڑی گھنی مونچھیں تھیں اور آنکھوں میں سرخی تھی، جیسے کئی روز کا جاگا ہوا ہو یا کسی نشے کا عادی ہو۔ سر کے بے تحاشا بڑھے ہوئے بال گردن پر پھیلے ہوئے تھے اور سر پر مخصوص طرز کی بنی ہوئی سرخ ٹوپی تھی، جس میں لاتعداد چھوٹے چھوٹے آئینے لگے ہوئے تھے۔ اس کے لباس اور اندازِ گفتگو سے مجھے اندازہ لگانے میں دشواری پیش نہیں آئی کہ اس کا تعلق پاکستان کے کس خطے سے ہو سکتا ہے۔

اس کے دوسرے ساتھی کا حلیہ بھی اس سے مختلف نہیں تھا۔ یہی دونوں اس وین میں مجھے اپنے ساتھ لے کر آئے تھے۔ ان میں سے ایک کے ہاتھ میں ریوالور تھا اور دوسرے کے ہاتھ میں کلاشنکوف۔ سامنے عمارت کے شکستہ برآمدے میں بھی انہی کے حلیے سے ملتا جلتا ایک آدمی کھڑا تھا۔ اس کے ہاتھ میں بھی کلاشنکوف نظر آ رہی تھی۔ وہ دونوں مجھے دھکے دیتے ہوئے برآمدے میں لے آئے۔

میرے ساتھ آنے والوں میں سے ایک نے مجھے ایک اور دھکا دیتے ہوئے برآمدے میں کھڑے ہوئے شخص کو مخاطب کیا، ”اس کو سنبھال، آچر! چھوکرا بڑا غضب ناک ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ تمہاری غفلت سے ہماری ساری محنت پر پانی پھر جائے۔“

آچر نامی اس شخص نے جواب دیا، ”کیا بات کرتے ہو، میران! آچر کے ہاتھ آیا ہوا باز بھی چڑیا کی طرح پھڑپھڑا کر رہ جاتا ہے۔ یہ چھوکرا کیا ہے! اسے تو میں ایسا سنبھالوں گا کہ اسے خود بھی خبر نہیں ہوگی کہ یہ کہاں ہے۔ اور اگر اس نے آچر سے پنجہ لڑانے کی کوشش کی تو ایسی مار لگاؤں گا کہ مرتے دم تک میرا نام نہیں بھولے گا۔“

اور پھر اس نے اپنے کہے پر عمل بھی شروع کر دیا، جس کے لیے میں تیار نہیں تھا۔ تیار ہوتا بھی تو بھلا اس کا کیا بگاڑ لیتا! میں ان کا قیدی تھا۔ وہ رائفلیں اور ریوالور لیے کھڑے تھے۔ آچر نامی اس شخص نے میری دھنائی کر کے مجھے یہ تاثر دینے کی کوشش کی تھی کہ میں جب تک یہاں رہوں، شرافت سے رہوں اور ان کے سامنے ہاتھ تو کیا، نظریں بھی اٹھانے کی کوشش نہ کروں۔ آچر کی پٹائی سے میرے ہونٹوں سے خون بہہ نکلا، جسے میں بار بار قمیص کی آستین سے پونچھ رہا تھا۔

وہ مجھے دھکے دیتے ہوئے ایک شکستہ محراب میں داخل ہو کر ایک تنگ اور تاریک سی راہداری میں آ گئے۔ ایک کمرے کے سامنے سے گزرتے ہوئے میں نے کھلے ہوئے دروازے سے اندر جھانک لیا۔ کمرے میں کسی جگہ کیروسین لیمپ یا لالٹین جل رہی تھی۔ فرش پر دو بستر لگے ہوئے تھے۔ کچھ اور چیزیں بھی نظر آئی تھیں۔ اس سے آگے والے دو کمروں کی دیواریں ٹوٹی ہوئی تھیں۔ البتہ اس کے بعد کا کمرہ ٹھیک تھا۔ اس کا دروازہ لوہے کی موٹی موٹی سلاخوں کا تھا۔ کنڈا بھی تقریباً دو انچ موٹا تھا، جو دیوار میں گھسا ہوا تھا۔ اس دیوار میں ایک طاقچہ سا بنا ہوا تھا، جہاں اس کنڈے کو بڑا سا تالا لگا ہوا تھا۔

میران نامی شخص نے کلاشنکوف کی نال میری پشت سے لگا رکھی تھی۔ آچر نے قمیص کی جیب سے ایک کی رِنگ نکالا۔ اس میں صرف دو چابیاں تھیں۔ ایک تو عام سے سائز کی چابی تھی اور دوسری نسبتاً بڑی۔ اس نے بڑی چابی سے طاقچے میں لگا ہوا تالا کھولا اور وزنی کنڈا کھینچ لیا۔ آہنی کنڈے کی آواز سناٹے میں دور تک پھیل گئی تھی۔

دروازہ کھول کر آچر نے اس زور سے میرے کولہوں پر لات رسید کی تھی کہ میرے منہ سے بے اختیار ہلکی سی چیخ نکل گئی اور میں لڑکھڑاتا ہوا منہ کے بل گرا۔ اگر میں فوراً ہی اپنے دونوں ہاتھ آگے نہ کر لیتا تو چہرہ فرش سے ٹکراتا اور ایک آدھ دانت ضرور اپنی جگہ چھوڑ دیتا۔ آچر نامی اس شخص نے بلاوجہ میری پٹائی کر کے اپنے لیے میرے دل میں نفرت پیدا کر دی تھی اور میں جانتا تھا کہ مجھے اس سے پنجہ لڑانے کا موقع ضرور ملے گا۔ جب کسی کے لیے دل میں نفرت اور کدورت ہو تو اس سے دو دو ہاتھ کرنے میں مزا بھی آتا ہے۔ بلاوجہ کسی پر ہاتھ اٹھانا بے مزا سی بات تھی۔

دھڑ سے آہنی دروازہ بند ہوا، پھر وزنی کنڈے کے ہلنے اور تالا لگنے کی آواز سنائی دی۔ اس کے ساتھ ہی آچر کی آواز بھی میری سماعت سے ٹکرائی تھی۔ بولا، ”اس وقت تو آرام سے سو جا، چھوکرے! سویرے تم سے کچہری کریں گے۔“

آرام سے سو جانے کی بات تو اس نے ایسے کہی تھی جیسے میں اس کا وی آئی پی مہمان تھا اور بڑے آرام و احترام سے خواب گاہ میں پہنچا دیا گیا تھا، جہاں نرم اور مخملی بستر میرا منتظر ہو۔ میرا بستر تو گرد آلود اور ناہموار فرش تھا۔ کمرے میں گہری تاریکی تھی۔

میں اٹھ کر بیٹھ گیا۔ چند لمحے حواس مجتمع کرنے کی کوشش کرتا رہا، پھر ہاتھ پھیلا کر اپنے اطراف میں ٹٹولنے لگا۔ فرش کی اینٹیں جگہ جگہ سے ٹوٹی اور اکھڑی ہوئی تھیں اور گرد کی خاصی دبیز تہہ تھی۔ میں اندھوں کی طرح ٹٹولتا ہوا دیوار کے قریب پہنچ گیا۔ پہلے میں نے سوچا کہ اٹھ کر ٹٹولتے ہوئے پورے کمرے کا جائزہ لوں، پھر یہ ارادہ ملتوی کر دیا۔ کمرے میں گھور اندھیرا تھا۔ ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہ دینے والی کہاوت یہاں بالکل صادق آتی تھی۔ پتا نہیں، اس کمرے کی صورتِ حال کیسی ہو! اندھیرے میں چلتے ہوئے کوئی حادثہ بھی پیش آ سکتا تھا۔

میں دیوار کے ساتھ ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔ ٹانگیں آگے کو پھیلا لیں اور ہونٹ ٹٹولنے لگا۔ خون رسنا اگرچہ بند ہو گیا تھا، لیکن تکلیف بدستور تھی۔ میں اس وقت کچھ سوچنے کی پوزیشن میں نہیں تھا۔ کم بخت آچر نے میری پٹائی میں بڑی بے رحمی سے کام لیا تھا۔ ایک دو مکے سر پر بھی لگے تھے، جس سے دماغ میں دھماکے ہو رہے تھے۔

اس وقت مجھے اس تاریک کمرے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا، لیکن میرے خیال میں اس کی پچھلی دیوار میں کوئی روشن دان بھی تھا، جہاں سے ہوا آ رہی تھی۔ اگر دروازہ لکڑی کا ہوتا تو بند کمرے میں گھٹن ہوتی، مگر کراس وینٹی لیشن کی وجہ سے گھٹن تو نہیں تھی، البتہ گرمی کا احساس ہو رہا تھا۔ میری قمیص پسینے میں تر ہونے لگی تھی۔

اگر بات صرف گرمی کی ہوتی تو قابلِ برداشت تھی، مگر اس اندھیرے میں تو مجھ پر ایک قیامت ٹوٹ پڑی تھی۔ مچھر بے دردی سے میرا خون چوس رہے تھے۔ مچھروں کو مارنے کے چکر میں، میں نے تھپڑ مار مار کر اپنی گردن بھی سوجا لی۔ ہاتھوں کی پشت کا بھی یہی حال تھا اور چہرے کا بھی۔ جسم سے چپکی ہوئی قمیص بھی ان کم بختوں کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکی تھی۔

تقریباً ایک گھنٹے کے بعد کمپاؤنڈ میں وین کا انجن اسٹارٹ ہونے کی آواز سنائی دی اور پھر وہ آواز بتدریج معدوم ہوتی چلی گئی۔ مجھے ساتھ لانے والے یا تو دونوں واپس چلے گئے تھے یا ان میں سے کوئی ایک رہ گیا تھا۔ تھوڑی ہی دیر کے بعد راہداری کی طرف سے باتوں کی آواز سنائی دی تو اندازہ ہوا کہ ایک آدمی آچر کے پاس رہ گیا تھا اور دوسرا واپس چلا گیا تھا۔ لیکن ان کے ایک یا دو ہونے سے فی الحال مجھ پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا تھا۔

وہ دونوں شاید اپنے کمرے میں چلے گئے تھے۔ کوئی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔ سناٹا تھا، روح کی گہرائیوں میں اتر جانے والا سناٹا! لیکن شاید میں غلط کہہ گیا۔ مچھروں کی للکار بدستور میرے کانوں میں گونج رہی تھی اور ان سے بچنے کی کوشش میں، میں اپنے آپ کو تمانچے مار رہا تھا۔

وقت کی رفتار جیسے تھم گئی تھی۔ لمحے صدیاں بن کر بیت رہے تھے۔ میں دعائیں مانگتا رہا کہ جلد سے جلد رات بیت جائے، لیکن نظامِ قدرت کسی کی خواہشات کا تابع نہیں ہوتا۔ وقت کا پہیہ تو اپنی رفتار سے چلتا ہے، اس میں کبھی فرق نہیں آتا۔ کسی سیانے نے ٹھیک کہا ہے کہ نیند تو پھانسی کے تختے پر بھی آ جاتی ہے، اور میں تو اس وقت نہ تو پھانسی کے تختے پر تھا اور نہ ہی میرے گلے میں پھندا تھا۔ نیند نے آخرکار مجھے دبوچ ہی لیا اور میں دیوار کے قریب ہی گرد آلود فرش پر دراز ہو گیا۔ میری آنکھیں خودبخود بند ہوتی چلی گئیں۔

آنکھوں پر چمک پڑتے ہی میں ہڑبڑا کر اٹھ گیا۔ میرا خیال تھا کہ کسی نے میرے چہرے پر ٹارچ کی تیز روشنی ڈالی ہے، مگر وہ ٹارچ کی روشنی نہیں، دھوپ کی کرنیں تھیں، جو اس کمرے کی عقبی دیوار کے روشن دان سے براہِ راست میرے چہرے پر پڑ رہی تھیں۔ میں اٹھ کر بیٹھ گیا۔ ایک زور دار قسم کی انگڑائی لی اور کمرے کا جائزہ لیا۔ کمرے کے بارے میں آپ کو بتا چکا ہوں، لیکن اس وقت یہاں پانی کی بالٹی نہیں تھی۔ وہ بعد میں آئی تھی۔

میں دو چار منٹ اپنی جگہ پر بیٹھا رہا، پھر دروازے کے قریب آ گیا۔ دونوں ہاتھوں سے سلاخوں کو پکڑ کر ہلانے جلانے کی کوشش کی۔ خاصا مضبوط دروازہ تھا۔ میرا خیال تھا کہ یہ کمرہ عمارت کی تعمیر کے وقت سے ہی بندی خانے کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ میں نے سلاخوں سے منہ لگا کر راہداری میں جھانکنے کی کوشش کی، مگر زیادہ دور تک نہیں دیکھ سکا۔

میں نے کل دوپہر کو کھانا نہیں کھایا تھا اور ان کم بختوں نے بھی رات کو یہاں مار ہی کھلائی تھی۔ ظاہر ہے، مار سے پیٹ نہیں بھرتا۔ اس وقت پیٹ میں کچھ اینٹھن سی محسوس ہو رہی تھی۔ میں زور زور سے پکارنے لگا، ”آچر! میران!“

گزشتہ رات ان دونوں کی باتوں سے یہی دو نام معلوم ہوئے تھے۔ ایک منٹ کے بعد آچر نام کا وہ شخص دروازے کے سامنے آ گیا۔ بولا، ”کیا بات ہے، چریا! کیوں کھپ مچاتا پڑا ہے؟“

میں نے کہا، ”کچھ کھانے کو تو دو، سائیں! پیٹ میں آگ سی لگی ہوئی ہے۔ تم لوگ اپنے مہمانوں کو ایسے ہی بھوکا رکھتے ہو؟“

آچر کھا جانے والی نظروں سے میری جانب دیکھتے ہوئے بولا، ”خود تو نواب صاحب دس بجے تک سویا ہے اور بات ہم کو سناتا ہے۔ ادھر بیٹھو، میں ابھی تیرے لیے کچھ کھانے کو لاتا ہوں۔“

آچر واپس چلا گیا۔ میں سلاخوں سے لگا کھڑا رہا۔ تقریباً دس منٹ کے بعد وہ دونوں واپس آ گئے۔ دوسرا میران تھا۔ اس مرتبہ آچر کے کندھے پر رائفل تھی، جبکہ میران نے پانی سے بھری بالٹی اٹھا رکھی تھی۔ آچر نے رائفل میران کے حوالے کر دی، جس نے رائفل ہی سے مجھے پیچھے ہٹنے کا اشارہ کیا۔ میں روشن دان والی دیوار سے لگ کر کھڑا ہو گیا۔ آچر نے دروازہ کھول کر رائفل سنبھال لی اور میران کو اشارہ کیا۔

وہ پانی سے بھری ہوئی بالٹی اٹھا کر کمرے میں آ گیا۔ اس کی نظریں میری طرف تھیں اور آچر نے بھی مجھے رائفل کی زد پر لے رکھا تھا۔ اس کا خیال تھا کہ میں کوئی حرکت کرنے کی کوشش کروں گا، لیکن میں اطمینان سے دیوار کے ساتھ ٹیک لگائے کھڑا رہا۔ بالٹی کھرے میں رکھ کر میران نے اس کا ہینڈل نکال دیا اور باہر چلا گیا۔ شاید اس کا خیال تھا کہ میں بالٹی کے ہینڈل کو کسی وقت ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کروں گا، لیکن کمرے کے کونے میں پڑے ہوئے چولہے کے پتھروں کو تو وہ بھول ہی گئے تھے۔

آچر نے بڑی تیزی سے دروازہ بند کر کے تالا لگا دیا اور دونوں واپس چلے گئے۔ میں مسکراتا ہوا کھرے کی طرف بڑھ گیا۔ ہونٹوں پر جما ہوا خون صاف کیا، منہ پر پانی کے دو تین چھپاکے مارے اور گلاس بھر کر پی بھی لیا۔ میں نے منہ پونچھنے کے لیے پینٹ میں اڑسی ہوئی قمیص کھینچ کر باہر نکالی، چہرہ نیچے جھکایا، پھر ارادہ بدل دیا۔ گرد آلود فرش پر سونے سے قمیص بہت گندی ہو گئی تھی۔

اس مرتبہ ان کی واپسی میں تقریباً بیس منٹ لگ گئے۔ میران نے گیہوں کے تنکوں سے بنی ہوئی چنگیر اٹھا رکھی تھی، جس میں توے کی پکی ہوئی ایک موٹی سی روٹی اور پلاسٹک کے ایک بہت گندے مگ میں قہوہ تھا۔ میں دیوار سے ٹیک لگائے کھڑا تھا۔ دروازے میں کھڑے ہوئے آچر نے مجھے رائفل کی زد پر لے رکھا تھا۔ میں گہری نظروں سے باری باری دونوں کی طرف دیکھ رہا تھا۔ ایسی صورتِ حال میں کوئی پنگا لینا خودکشی کے مترادف تھا، لیکن میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ اگر کوئی موقع ملا تو اسے ضائع نہیں کروں گا۔

میران میری طرف دیکھتا ہوا آگے بڑھا۔ کمرے کے وسط میں پہنچ کر وہ رک گیا۔ کمرے کے اندر تک چلے آنا اس کی بہت بڑی غلطی تھی۔ وہ چنگیر فرش پر رکھنے کے لیے جھکا۔ میں نے سوچا، ”اب یا کبھی نہیں!“
​
 

مشن را
قسط 2

میں دیوار سے ٹیک لگائے کھڑا تھا۔ دروازے میں کھڑے ہوئے آچر نے مجھے رائفل کی زد پر لے رکھا تھا۔ میں گہری نظروں سے باری باری دونوں کی طرف دیکھ رہا تھا۔ ایسی صورتِ حال میں کوئی پنگا لینا خودکشی کے مترادف تھا، لیکن میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ اگر کوئی موقع ملا تو اسے ضائع نہیں کروں گا۔

میران میری طرف دیکھتا ہوا آگے بڑھا۔ کمرے کے وسط میں پہنچ کر وہ رک گیا۔ کمرے کے اندر تک چلے آنا اس کی بہت بڑی غلطی تھی۔ وہ چنگیر فرش پر رکھنے کے لیے جھکا۔ میں نے سوچا، ”اب یا کبھی نہیں!“

میں نے فوراً ہی فیصلہ کر لیا۔ ایک نظر دروازے میں کھڑے ہوئے آچر کی طرف دیکھا۔ میران نے ایک غلطی تو یہ کی تھی کہ وہ کمرے کے وسط تک چلا آیا تھا اور دوسری، اس سے بڑی غلطی یہ کی تھی کہ میرے اور آچر کے درمیان آ گیا تھا۔ میں نے اس موقع سے پورا پورا فائدہ اٹھایا اور ایک لمحہ ضائع کیے بغیر جھکتے ہوئے میران کی طرف چھلانگ لگا دی۔

میں نے میران پر چھلانگ اس طرح لگائی تھی کہ گرفت میں لیتے ہوئے اسے اپنے سامنے ہی رکھا تھا۔ چنگیر اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر گر گئی۔ قہوے کا مگ الٹ گیا، مگر میران میری آہنی گرفت میں آ چکا تھا۔ میں اگرچہ اس کے نیچے تھا، لیکن میں نے دونوں ہاتھوں سے اس کا گلا دبوچ لیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی میں بھی چیخا، ”آچر! اگر تم میران کی زندگی چاہتے ہو تو رائفل پھینک دو۔ ایک لمحے کی بھی تاخیر کی تو میں اس کا گلا گھونٹ دوں گا۔“

آچر کے منہ سے غلیظ گالیوں کا گٹر ابل پڑا۔ وہ میری ماں، بہنوں اور خاندان بھر کی خواتین سے زبانی طور پر غیر اخلاقی رشتے جوڑ رہا تھا۔ پھر وہ بھی آگے کو لپکا۔ میران اگرچہ قد کاٹھ میں مجھ سے زیادہ تھا، مگر میرے شکنجے میں آ چکا تھا۔ میں ایک جھٹکے سے اٹھ گیا اور اسے اپنی ڈھال بنائے ہوئے دیوار کے ساتھ ٹیک لگا لی۔ وہ اپنے آپ کو چھڑانے کی کوشش کر رہا تھا، مگر اس کے گلے پر میری گرفت خاصی مضبوط تھی۔

آچر نے مجھے ڈرانے کے لیے چھت کی طرف رائفل کا برسٹ مار دیا، لیکن میں خوف زدہ نہیں ہوا۔ وہ گالیاں بکتا ہوا قریب آ گیا اور رائفل کے بٹ سے مجھے ضرب لگانے کی کوشش کی، مگر میں نے بڑی تیزی سے میران کو آگے کر دیا۔ رائفل کا بٹ میران کے پہلو میں لگا اور وہ بلبلا اٹھا۔ دوسرے وار سے بچنے کے لیے بھی میں نے میران ہی کو ڈھال بنایا تھا۔ اس مرتبہ میران کے منہ سے بہت غلیظ قسم کی گالی نکل گئی۔

دوسری چوٹ کھا کر میران بری طرح مچلا۔ اس طرح اس کے گلے پر میری گرفت ڈھیلی پڑ گئی۔ اس نے دونوں ہاتھ میری کلائیوں پر رکھ کر زور دار جھٹکا دیا۔ اس کی گردن میری گرفت سے نکل گئی، لیکن اس نے جو دوسری حرکت کی تھی، وہ خاصی خطرناک تھی۔ اس نے دونوں ہاتھ میرے کندھوں پر رکھ کر انگوٹھے دونوں طرف ہنسلی کی ہڈیوں کے قریب رکھ دیے اور پوری قوت سے دباؤ ڈالنے لگا۔

میں اپنے آپ کو لڑائی بھڑائی کا بڑا ماہر سمجھتا تھا، لیکن اس کم بخت میران نے ایسا داؤ لگایا تھا کہ مجھے سینے میں سانس رکتا ہوا محسوس ہونے لگا۔ میں اس کی کلائیوں پر گرفت جمائے اپنے آپ کو چھڑانے کی کوشش کر رہا تھا، مگر کامیاب نہ ہو سکا۔ اس وقت مجھے میران کے چہرے پر بے پناہ درندگی نظر آئی۔ لگتا تھا وہ مجھے زندہ نہیں چھوڑے گا۔ میرے پاس اب بچاؤ کا صرف ایک ہی راستہ تھا۔

میں نے گھٹنا پوری قوت سے اس کی ٹانگوں کے بیچ میں مار دیا۔ اس نے بلبلاتے ہوئے نہ صرف میری گردن چھوڑ دی بلکہ وہ دونوں ہاتھ ٹانگوں کے بیچ میں رکھتا ہوا دوہرا ہو گیا۔ میرے گھٹنے کی دوسری ضرب اس کے جھکے ہوئے چہرے پر لگی۔ وہ ایک بار پھر چیخ اٹھا۔

میران کے الگ ہو جانے سے آچر کو مجھ پر حملہ کرنے کا موقع مل گیا۔ اس نے رائفل کے بٹ سے میرے کندھے پر وار کیا۔ میں اس وقت دیوار سے ہٹ چکا تھا۔ رائفل کا بٹ میرے شانے پر لگا۔ میں لڑکھڑا کر ایک طرف ہٹا، لیکن اپنے آپ کو فوراً ہی سنبھال لیا۔ آچر نے دوسرا وار کرنا چاہا تو میں نے رائفل پکڑ لی۔ اب ہم دونوں میں رائفل کے لیے کشمکش ہو رہی تھی۔ اس کا بٹ میرے ہاتھ میں تھا اور نالی آچر کی گرفت میں تھی۔

میں نے ٹریگر دبا دیا۔ کمرہ تڑتڑاہٹ کی آواز سے گونج اٹھا۔ رائفل کی نالی آچر کی بغل سے پیچھے کو نکلی ہوئی تھی۔ گولیاں اسے کوئی نقصان پہنچائے بغیر سامنے والی دیوار کو ادھیڑنے لگیں۔ آچر کے منہ سے نکلنے والی گالیوں کی رفتار تیز ہو گئی۔ اسے اپنی مادری زبان میں جتنی گالیاں یاد تھیں، رائفل کی گولیوں کی طرح اس کے منہ سے نکل رہی تھیں۔

اس دوران میران بھی سنبھل چکا تھا۔ اس نے میری پشت پر پہنچ کر دوہتڑ میری گردن پر رسید کیا۔ میں کراہتا ہوا منہ کے بل فرش پر ڈھیر ہو گیا۔ رائفل کا بٹ بھی میرے ہاتھ سے نکل گیا تھا اور اس سے پہلے کہ میں سنبھل سکتا، وہ دونوں مجھ پر پِل پڑے۔ گھونسے اور ٹھوکریں میرے جسم کے ہر حصے کی مزاج پرسی کرنے لگیں۔ وہ دونوں گینڈوں کی طرح طاقت ور تھے۔ ان کے گھونسوں اور ٹھوکروں میں بڑی جان تھی۔

مجھے ادھ موا کر کے چھوڑ دیا اور دونوں تیزی سے کمرے سے باہر نکل گئے۔ آچر نے بڑی پھرتی سے دروازہ بند کر کے تالا لگا دیا۔ اس کے منہ سے اب بھی گندی گالیوں کا طوفان امڈ رہا تھا۔ آنکھوں کی سرخی کچھ اور بڑھ گئی تھی، لیکن ایک بات میں نے خاص طور پر نوٹ کی تھی کہ وہ دونوں بری طرح ہانپنے لگے تھے۔ اگر لڑائی چند منٹ اور جاری رہتی تو میں ان دونوں کو ڈھیر کر دیتا۔

میں چیختا ہوا دروازے کی طرف لپکا، ”آچر! میرے جسم پر جتنی چوٹیں لگی ہیں، مجھے یاد ہیں۔ تم بھی یاد رکھنا، یہاں سے جانے سے پہلے میں ایک ایک چوٹ کا حساب لوں گا تم سے۔ چھوڑوں گا نہیں!“

مجھے لپکتے دیکھ کر وہ دونوں دروازے سے کئی قدم پیچھے ہٹ گئے۔ آچر نے رائفل تان لی اور خونخوار نظروں سے میری طرف دیکھتے ہوئے غرایا، ”اگر رئیس قبو کا ڈر نہ ہوتا تو اس رائفل کی ساری گولیاں تیرے جسم میں اتار دیتا۔ اب بیٹھ کر اپنی چوٹیں سہلاتے رہو۔ اگر ضرورت پڑی تو کسی وقت تمہاری اور خدمت بھی کروں گا۔“

میں نے بھی چیخ کر کہا، ”خدمت تو اب میں تمہاری کروں گا!“

وہ دونوں گالیاں بکتے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔ میں کچھ دیر تک دروازے کی سلاخیں پکڑے کھڑا رہا اور پھر دیوار کے ساتھ ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔ میرے جسم کا جوڑ جوڑ دکھ رہا تھا۔ کم بختوں نے بڑی زور دار مار لگائی تھی۔ مجھ سے بھی اندازے کی ذرا سی غلطی ہوئی تھی، لیکن اس غلطی کا یہ فائدہ ضرور ہوا تھا کہ مجھے ان کی طاقت کا اندازہ ہو گیا تھا۔ اب اگر مجھے موقع ملا تو انہیں اس طرح ہاتھ پیر چلانے نہیں دوں گا۔

میں دیر تک اپنی چوٹیں سہلاتا رہا۔ پیٹ میں ایک بار پھر اینٹھن سی ہونے لگی۔ میں نے ادھر ادھر دیکھا۔ نمک والی یہ روٹی بہت مزہ دے رہی تھی۔ جب پیٹ خالی ہو تو ہر چیز مزہ دیتی ہے۔ روٹی کھا کر میں نے گلاس بھر پانی پیا اور دیوار سے ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔ روشن دان سے آنے والی دھوپ غائب ہو چکی تھی، جس سے کمرے میں اندھیرا سا ہو گیا تھا۔

میں دیوار سے ٹیک لگائے بیٹھا رہا اور سوچتا رہا کہ یہ لوگ کون تھے اور مجھے یہاں کیوں لائے تھے۔ آچر نے کسی رئیس قبو خان کا نام لیا تھا اور غالباً اس کے کہنے پر مجھے یہاں لایا گیا تھا۔ مگر یہ رئیس قبو خان کون تھا؟ مجھ سے اس کی کیا دشمنی تھی جو مجھے یہاں ویرانے میں اس قید خانے میں لا کر ڈال دیا گیا تھا؟

دوپہر کے وقت پیٹ میں مروڑ سا اٹھنے لگا۔ میں دروازے کی سلاخوں کو جھنجوڑتے ہوئے آچر اور میران کو آوازیں دینے لگا۔ تقریباً پانچ منٹ کے بعد میران دروازے کے سامنے نمودار ہوا۔ اس کے ہاتھ میں ریوالور تھا۔ وہ میری طرف دیکھتے ہوئے غرایا، ”کیوں چیخ رہے ہو؟ ماں مر گئی ہے کیا؟“

میں نے کہا، ”ماں تو بہت عرصہ پہلے مر گئی تھی۔ اس وقت تو میرے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا ہے۔ مجھے تھوڑی دیر کے لیے یہاں سے باہر نکالو۔“

میران نے گھورتے ہوئے کہا، ”پاگل ہوا ہے کیا؟ یا ہمارا دماغ خراب ہو گیا ہے جو تجھے نکالیں! وہ کھرا ہے نا!“ اس نے کونے کی طرف اشارہ کیا۔ ”جو کچھ کرنا ہے، وہیں پر کرو۔ سمجھے؟“

وہ مزید کچھ سنے بغیر واپس چلا گیا۔ میں دروازے کے قریب کھڑا رہا، پھر مڑ کر کھرے کی طرف دیکھا۔ آخرکار مجھے وہ کھرا ہی استعمال کرنا پڑا۔ بعد میں ڈھیر سارا پانی بہا دینے کے باوجود بو سے میرا دماغ پھٹا جا رہا تھا۔

اس روز دوپہر اور رات کو بھی مجھے کھانے کو کچھ نہ دیا گیا۔ وہ رات بھی میرے لیے خاصی اذیت ناک ثابت ہوئی تھی۔ جسم کے مختلف حصوں میں درد کی لہریں اٹھتی رہیں اور میں رات بھر بے چین رہا۔

صبح آنکھ کھلی تو کمرے میں روشن دان سے آنے والی دھوپ چمک رہی تھی۔ دروازے کے قریب ہی ایک چنگیر رکھی ہوئی تھی، جس میں قہوے کا مگ اور ایک روٹی تھی۔ میرا خیال ہے، وہ لوگ دروازہ کھولے بغیر میرا یہ کھانا یا ناشتہ یہاں رکھ گئے تھے۔ دوسری چنگیر اور مگ بھی کمرے ہی میں پڑے ہوئے تھے۔

میں دل ہی دل میں مسکرا کر رہ گیا۔ میں اگرچہ بے خبر سو رہا تھا، لیکن وہ کمرے میں داخل ہونے کی ہمت نہیں کر سکے تھے۔ میں نے اٹھ کر منہ ہاتھ دھوئے اور چنگیر اٹھا کر اپنی جگہ آ گیا۔ قہوہ بالکل ٹھنڈا ہو چکا تھا۔ ناشتہ کرنے کے بعد میں نے دونوں چنگیریں اور دونوں مگ دروازے کی سلاخوں سے نکال کر باہر رکھ دیے۔ چنگیریں اور مگ بھی سارا دن وہیں پڑے رہے۔

شام سے ذرا پہلے مجھے کھانے کے لیے صرف ایک روٹی دی گئی۔ موٹی موٹی یہ روٹیاں غالباً آچر ہی پکاتا تھا۔ سالن وغیرہ کا شاید یہاں کوئی تصور نہیں تھا۔ مجھے اس کوٹھڑی میں قید ہوئے تین دن ہو چکے تھے اور ان تین دنوں کے دوران ان دونوں میں سے کوئی بھی کمرے میں داخل نہیں ہوا تھا۔ ایک تجربہ ہو جانے کے بعد وہ لوگ کسی قسم کا رسک لینے کو تیار نہیں تھے۔ ان تین دنوں میں میری اپنی حالت بہت ابتر ہو چکی تھی۔ مجھے اپنے آپ سے گھن آنے لگی تھی۔

وہ چوتھے دن کی شام تھی۔ کھانے میں مجھے حسبِ معمول وہی ایک نمکین روٹی دی گئی تھی۔ میں اس وقت کمرے کی تاریکی میں دیوار کے ساتھ ٹیک لگائے بیٹھا، مچھروں کو مارنے کی کوشش میں اپنے آپ کو تمانچے مار رہا تھا کہ کمپاؤنڈ میں کسی گاڑی کے رکنے کی آواز سن کر میں چونک گیا۔ گاڑی کا انجن ایک مرتبہ غرا کر بند ہو گیا۔ دو تین آدمیوں کے زور زور سے بولنے کی آواز سنائی دیتی رہی۔ وہ لوگ سندھی زبان میں باتیں کر رہے تھے۔ کوئی لفظ میری سمجھ میں نہیں آیا۔

میرا خیال تھا کہ یہ ان کا تیسرا ساتھی تھا، جو اس روز مجھے یہاں چھوڑ کر واپس چلا گیا تھا۔ آدھے گھنٹے کے بعد راہداری میں روشنی دکھائی دی، جو لمحہ بہ لمحہ واضح ہوتی گئی۔ قدموں کی آواز سے میں اندازہ لگا سکتا تھا کہ وہ دو سے زیادہ آدمی تھے۔ صرف ایک منٹ کے بعد وہ دروازے کے سامنے پہنچ گئے۔ میرا اندازہ درست نکلا۔ وہ تین تھے: آچر، میران اور ایک نیا چہرہ۔

میران کے ایک ہاتھ میں ریوالور اور دوسرے میں لالٹین تھی۔ آچر کی رائفل اس کے کندھے پر لٹکی ہوئی تھی۔ اس کے ایک ہاتھ میں کی رِنگ تھا۔ تیسرے کے ہاتھ میں کلاشنکوف تھی۔ میرا خیال تھا، وہ لوگ مجھے اس کوٹھڑی سے باہر نکالیں گے۔ آچر نے چابی والا ہاتھ آگے بڑھایا ہی تھا، لیکن تیسرے آدمی نے اسے روک لیا۔ وہ گہری نظروں سے مجھے دیکھ رہا تھا۔ اس کا حلیہ بھی انہی جیسا تھا اور آنکھوں میں بھی سرخی تھی۔

وہ دروازے کے سامنے کھڑے اپنی زبان میں باتیں کرتے رہے۔ میں ان کی گفتگو کا مطلب تو نہیں سمجھ سکا، لیکن باتوں سے تیسرے آدمی کا نام معلوم ہو گیا تھا۔ وہ مقدم تھا۔ کچھ دیر کے بعد وہ لوگ واپس چلے گئے۔ میرے سر میں اس وقت بڑی شدت کا درد ہو رہا تھا۔ میں نے دونوں بازو گھٹنوں پر رکھے اور ان پر سر ٹکا کر اونگھنے لگا۔

مجھے نہیں معلوم، کب دروازہ کھلا اور کب وہ لوگ اندر آئے، مگر میرے پہلو میں لگنے والی وہ ٹھوکر بڑی زور دار تھی۔ میں بلبلاتا ہوا الٹ گیا۔ سنبھلنے سے پہلے ہی ایک اور ٹھوکر پڑی۔ اس کے ساتھ ہی آچر کی غراتی ہوئی آواز سنائی دی، ”چلو، اٹھو! مگر خیال رکھنا، اب کوئی بہادری دکھانے کی کوشش کی تو اس رائفل کی ساری گولیاں تمہارے جسم میں اتار دوں گا۔“

اس کی رائفل کا رخ میری طرف تھا۔ مجھے ٹھوکر بھی اسی نے ماری تھی۔ میں نے اٹھتے ہوئے دانت کچکچائے۔ کہا، ”آچر! تم اپنے لیے مشکلیں پیدا کر رہے ہو۔ مجھے کسی نہ کسی وقت موقع ضرور ملے گا اور پھر میں ایک ایک چوٹ کا بدلہ لوں گا۔“

آچر نے ایک اور ٹھوکر ماری۔ بولا، ”دماغ تو دیکھو حرامی کا! مار کھا رہا ہے اور دھمکیاں بھی دیتا ہے۔“

میں نے کہا، ”موقع ملتے ہی میں ان دھمکیوں پر عمل بھی کروں گا۔“

مقدم اور میران نے بھی مجھے اپنے ہتھیاروں کی زد میں لے رکھا تھا۔ لالٹین دروازے کے باہر پڑی ہوئی تھی۔ وہ تینوں مجھے رائفل کی زد پر کمرے سے باہر لے آئے۔ میران نے لالٹین اٹھا لی۔ آچر مجھے بار بار ٹھوکریں مار رہا تھا۔ شاید کوئی نفسیاتی گرہ تھی۔ اسے نہتے اور بے بس لوگوں پر ہاتھ اٹھانے کا شوق تھا، اور میں دعوے سے کہہ سکتا تھا کہ اگر وہ میرے ہاتھ لگ گیا تو دو چار ہاتھ کھانے کے بعد ہی قدموں پر گر کر زندگی کی بھیک مانگنے لگے گا۔

وہ لوگ مجھے کمپاؤنڈ میں لے آئے۔ دوسرے کمرے کے سامنے سے گزرتے ہوئے میں نے دیکھا تھا کہ دروازہ بند تھا اور تالا لگا ہوا تھا۔ کمپاؤنڈ میں بغیر ہڈ والی ایک جیپ کھڑی تھی۔ اس کے پچھلے حصے میں آمنے سامنے دو لمبی سیٹیں تھیں۔ ان سیٹوں اور ڈرائیونگ سیٹ کے درمیان اوپر ایک پائپ لگا ہوا تھا، جس میں سرچ لائٹ کی طرح کی دو لائٹیں نصب تھیں۔ اس پائپ سے دو پائپ پیچھے کی طرف ترچھے لگے ہوئے تھے۔

مجھے پیچھے والی سیٹ پر بٹھا دیا گیا۔ میرے دائیں ہاتھ میں ہتھکڑی لگا دی گئی۔ ہتھکڑی کا دوسرا حصہ پائپ سے لگا دیا گیا۔ ہتھکڑی کی چابی آچر نے اپنی جیب میں ڈال دی۔ میران میرے سامنے والی سیٹ پر ذرا ہٹ کر بیٹھ گیا۔ اس نے لالٹین بجھا کر اسے قریب ہی ایک شکستہ دیوار پر رکھ دیا۔ مقدم نے ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی اور آچر پیسنجر سیٹ پر بیٹھ گیا۔

انجن اسٹارٹ ہوا اور جیپ عمارت کے کمپاؤنڈ سے نکل کر ویرانے میں دوڑنے لگی۔ جیپ کے ہیڈ لیمپس کی روشنی میں سامنے تاحدِ نگاہ ریت ہی ریت نظر آ رہی تھی۔ یہ ریت سخت تھی اور کہیں کہیں جھاڑیاں بھی دکھائی دے رہی تھیں۔ میران ریوالور سنبھالے بہت محتاط انداز میں بیٹھا ہوا تھا۔ ہتھکڑی لگنے کے بعد میں اگرچہ بے بس ہو چکا تھا، لیکن اس کے باوجود وہ میری طرف سے کسی قسم کا خطرہ محسوس کر رہا تھا۔

ہمارا سفر تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران صرف دو مرتبہ بہت دور کچھ روشنیاں ٹمٹماتی ہوئی دکھائی دی تھیں۔ وہ یقیناً کوئی چھوٹی بستیاں تھیں، مگر ہماری جیپ ان سے دور ہی نکل گئی تھی۔ چھوٹی جھاڑیوں کی جگہ اب راستے کے دونوں طرف کیکر کے جھاڑ نظر آ رہے تھے، جو بتدریج گنجان ہوتے چلے گئے۔ یہ کیکر کا جنگل تھا۔ راستہ درختوں میں بل کھاتا ہوا جا رہا تھا۔ جیپ کی رفتار بھی کم ہو گئی تھی۔

آخرکار کیکر کا یہ جنگل ختم ہو گیا۔ اس سے آگے زرعی علاقہ تھا۔ سڑک کے دونوں طرف کھیت تھے، مگر یہ اندازہ لگانا دشوار تھا کہ ان کھیتوں میں فصلیں کون سی تھیں۔ البتہ یہ بات ضرور تھی کہ ان کھیتوں کی وجہ سے فضا میں کچھ خنکی سی آ گئی تھی، جو بڑی بھلی لگ رہی تھی۔ انہی کھیتوں میں کافی دور ایک مدھم سی روشنی ٹمٹماتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی اور ہماری جیپ کا رخ اسی طرف تھا۔

تقریباً دس منٹ کے بعد جیپ ایک کچے مکان کے سامنے رک گئی۔ یہاں پہلے سے سرمئی رنگ کی ایک شاندار پجیرو کھڑی تھی۔ اس مکان کے اطراف میں درختوں کی بہتات تھی۔ جیپ رکی تو کسی طرف سے بھینس کے ڈکرانے کی آواز سنائی دی۔ مقدم نے ابھی انجن بند نہیں کیا تھا کہ دو آدمی دائیں بائیں درختوں سے نکل کر سامنے آ گئے۔ ان دونوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف رائفلیں تھیں۔ ان کے حلیے بھی آچر اور میران سے مختلف نہیں تھے۔

مقدم نے انجن بند کر کے ہیڈ لیمپس بھی بجھا دیے اور وہ تینوں نیچے اتر گئے۔ مقدم نے ان دونوں کی طرف دیکھتے ہوئے پوچھا، ”رئیس قبو خان کہاں ہے؟“

ان میں سے ایک نے خشک لہجے میں کہا، ”رئیس اندر بیٹھا ہے۔ تمہارے استقبال کے لیے یہاں تو نہیں کھڑا ہوگا۔“

مقدم نے میری طرف اشارہ کرتے ہوئے اس آدمی سے کہا، ”قیدی کا خیال رکھنا۔ میں رئیس سے بات کر کے آتا ہوں۔“

اس شخص نے مقدم کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ بولا، ”تم یہیں رکو، پہلے میں رئیس کو خبر تو کروں۔“

اور وہ خود مکان کے دروازے میں داخل ہو گیا۔ مکان کے دروازے پر بلب جل رہا تھا۔ اسی کی روشنی ہمیں دور سے دکھائی دے رہی تھی۔ میں نے مقدم کی طرف دیکھا۔ اس شخص کے رویے سے اس کے چہرے کے تاثرات بگڑ گئے تھے۔ وہ خجل سا ہو کر آچر اور میران سے باتیں کرنے لگا۔ ان کی یہ حرکت دیکھ کر پھر نجانے کیوں میرے ہونٹوں پر خفیف سی مسکراہٹ آ گئی اور میں ادھر ادھر دیکھنے لگا۔

مکان کے دائیں طرف شاید مویشیوں کا باڑا تھا۔ بھینس کے ڈکرانے کی آواز بھی اسی طرف سے آئی تھی اور ہوا کے ساتھ گوبر کی ناگوار بو بھی آ رہی تھی۔ مجھے اندازہ لگانے میں دشواری پیش نہیں آئی کہ یہ کسی سندھی وڈیرے کا ڈیرہ تھا۔ پجیرو جیسی شاندار اور قیمتی گاڑیاں انہی وڈیروں اور جاگیرداروں کے پاس زیادہ نظر آتی ہیں۔ یہ لوگ غریب کسانوں کا خون چوس چوس کر جس طرح دولت سمیٹتے ہیں، اس کے بارے میں سب ہی جانتے ہیں۔ کڑاکے کی سردی اور گرمیوں کی چلچلاتی دھوپ میں زمین کا سینہ چیر کر اناج پیدا کرنے والے کسان اور ہاری تو نانِ شبینہ تک کو محتاج رہتے ہیں، اور یہ وڈیرے اور جاگیردار۔۔۔

لیکن مجھے یہاں کیوں لایا گیا تھا؟ اس سوال کے ساتھ ہی میرے ذہن میں ایک خیال ابھرا۔ سندھ میں وڈیروں کی پرائیویٹ جیلوں کے چرچے عام تھے۔ یہاں ہاریوں سے دن بھر کھیتوں میں بیگار لی جاتی تھی اور شام ہوتے ہی انہیں جیل میں بند کر دیا جاتا تھا۔ غلاموں کی طرح مزدوروں کی خرید و فروخت ہوتی تھی۔ مجھ جیسے ہٹے کٹے اور جوان آدمی مختلف علاقوں سے اغوا کیے جاتے تھے اور یہاں ان سے غلاموں جیسا سلوک ہی کیا جاتا تھا۔ ان کی نجات مرنے کے بعد ہی ہوتی تھی۔ میں سوچ رہا تھا کہ کہیں مجھے بھی تو اس لیے یہاں نہیں لایا گیا کہ رئیس قبو سے میرے پیسے کھرے کر لیے جائیں۔

وہ آدمی تقریباً پانچ منٹ کے بعد باہر آیا۔ اس نے آچر وغیرہ کو اشارہ کیا تو وہ تینوں اندر چلے گئے۔ اس کے تقریباً دس منٹ کے بعد آچر مکان سے باہر آیا۔ اس نے دونوں آدمیوں سے کچھ کہا، جنہوں نے مجھے رائفلوں کی زد پر لے لیا، اور آچر نے میری ہتھکڑی کھول دی۔

مکان کے اس کمرے میں داخل ہوتے ہی میری آنکھیں حیرت سے پھیلتی چلی گئیں۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ کھیتوں میں واقع اس کچے مکان کا کمرہ اندر سے اتنا شاندار ہوگا۔ دبیز قالین، ایک طرف کنگ سائز ڈبل بیڈ، جس پر ہلکے نیلے رنگ کی سلکی چادر بچھی ہوئی تھی۔ اس کے سامنے آرام دہ اور قیمتی صوفے، ایک کونے میں سفید فارمیکا کی خوب صورت الماری، اس کے ساتھ ڈریسنگ ٹیبل اور ایک طرف خوب صورت ٹرالی پر رنگین ٹی وی اور نچلے حصے میں وی سی آر رکھا ہوا تھا۔ دیواروں پر خوب صورت فریموں میں عورتوں کی عریاں اور نیم عریاں تصویریں آویزاں تھیں۔

بہت شاندار کمرہ تھا۔ ہر چیز شاندار تھی، اور ان میں سب سے زیادہ شاندار وہ چیز تھی جو ایک صوفے پر بیٹھی ہوئی تھی۔ اسے دیکھ کر بھارتی اداکارہ مادھوری کا تصور ذہن میں ابھر آیا، مگر وہ مادھوری سے زیادہ حسین تھی اور صوفے پر اس کے بیٹھنے کا انداز اس سے بھی زیادہ دل کش تھا۔ اس نے گلابی رنگ کا شب خوابی کا لباس پہن رکھا تھا۔ ایک گھٹنا بچھا ہوا سا تھا اور دوسرا اٹھا ہوا۔ وہ ناخنوں پر پالش کر رہی تھی۔ اس نے ایک نظر میری طرف دیکھا اور پھر دوسرا گھٹنا بھی نیچے کر لیا۔

دوسرے صوفے پر رئیس قبو خان بیٹھا ہوا تھا۔ وہ چھے فٹ کا گورا چٹا آدمی تھا۔ کلین شیو، لگتا تھا تھوڑی دیر پہلے ہی شیو کی ہو۔ اس نے گرے رنگ کا سفاری سوٹ پہن رکھا تھا۔ وہ گہری نظروں سے میری طرف دیکھتا رہا، پھر آچر کی طرف دیکھتے ہوئے بولا، ”کیا حلیہ بنا رکھا ہے اس کا؟ مارا پیٹا تھا کیا؟“

آچر بولا، ”اس نے بھاگنے کی کوشش کی تھی، رئیس! میران پر حملہ کر دیا تھا۔ اگر میں نہ بچاتا تو یہ اس کا گلا گھونٹ دیتا۔ تھوڑی بہت سزا تو دینی ہی پڑی تھی، رئیس! بڑا غضب ناک ہے یہ چھوکرا۔“

رئیس قبو نے پوچھا، ”کوئی مانی شانی بھی دیا ہے یا بھوکا رکھا ہے؟“

آچر بولا، ”شام کو مانی دیا تھا، رئیس!“

رئیس قبو نے ایک آدمی کی طرف دیکھا۔ بولا، ”روشن!“

اس نے فوراً ہی رئیس کے سامنے ہاتھ جوڑ دیے۔ ”جی، سائیں!“

رئیس قبو نے کہا، ”اس کو غسل خانہ دکھاؤ اور جمال کا کپڑوں کا ایک جوڑا بھی دے دو۔ میرا خیال ہے، اس کی پینٹ اسے پوری آ جائے گی۔“ پھر وہ آچر کی طرف دیکھتے ہوئے بولا، ”تم لوگ باہر جا کر بیٹھو۔ ایک گھنٹے کے بعد یہاں سے روانہ ہو جانا ہے تمہیں۔“

آچر وغیرہ نے بھی ہاتھ جوڑے۔ ”جی، سائیں!“ اور الٹے قدموں چلتے ہوئے کمرے سے باہر نکل گئے۔ روشن نے رائفل سے مجھے اشارہ کیا۔ کمرے سے باہر نکلتے ہی میں نے ایک بار پھر صوفے پر بیٹھی ہوئی اس قیامت کی طرف دیکھا۔
​
 
مشن را
قسط 3

وہ مکان اندر سے خاصا بڑا تھا۔ تین چار کشادہ کمرے تھے۔ روشن مجھے جس کمرے میں لے کر آیا تھا، وہ بھی پہلے کمرے سے زیادہ مختلف نہیں تھا۔ البتہ اس کی دیوار پر برہنہ تصویریں نہیں تھیں۔ اس کمرے میں داخل ہونے سے پہلے روشن نے آواز دے کر اپنے دوسرے ساتھی کو بھی بلا لیا۔ وہ مجھے رائفل کی زد پر لیے کھڑا رہا اور روشن الماری کھول کر اس میں ٹنگے ہوئے کپڑے ٹٹولنے لگا۔ اس نے نیلے رنگ کی ایک پینٹ اور اسی رنگ کی ٹی شرٹ نکال کر میری طرف اچھال دی۔ غالباً یہی کپڑے سب سے زیادہ استعمال شدہ تھے۔

وہ مجھے کمرے سے نکال کر مکان کے عقبی صحن میں لے آئے، جہاں ایک طرف غسل خانہ بنا ہوا تھا۔ روشن نے بتی جلا دی اور مجھے اشارہ کیا۔ میں نے اندر داخل ہو کر دروازہ بند کر لیا۔ میری حالت دیکھ کر دوسروں کو بھی کراہت محسوس ہوتی ہوگی اور شاید اسی لیے رئیس قبو نے مجھے نہانے اور کپڑے بدلنے کا حکم دیا تھا۔ مجھے بھی کئی روز بعد نہانے کا موقع ملا تھا اور میں نے غسل خانے میں رکھا ہوا پورا ڈرم خالی کر دیا۔

وہ مجھے ایک اور کمرے میں لے آئے۔ یہ کمرہ ڈرائنگ روم کے طور پر آراستہ تھا اور اس میں خالص دیہاتی قسم کا خوب صورت فرنیچر رکھا ہوا تھا۔ میں کرسی پر بیٹھنے لگا تو روشن چیخ کر بولا، ”نیچے بیٹھو! نواب کا بچہ کرسی پر بیٹھتا ہے!“

میں قالین پر بیٹھ گیا۔ روشن کے اشارے پر دوسرا آدمی باہر چلا گیا اور روشن رائفل تانے دروازے میں کھڑا رہا۔ چند منٹ کے بعد وہ آدمی میرے لیے کھانا لے کر آ گیا۔ بھنی ہوئی مرغی کا بچا کھچا سالن تھا اور اڑھائی روٹیاں تھیں۔ بہرحال میں نے اس کھانے کے ساتھ پورا پورا انصاف کیا۔ کھانے کے بعد مجھے گرما گرم چائے بھی پلائی گئی۔

ایک لمحے کو تو میرے ذہن میں یہاں سے بھاگنے کا خیال بھی آیا تھا۔ اگر میں ذرا سی ذہانت سے کام لیتا تو میری کوشش کامیاب بھی ہو سکتی تھی، لیکن تصویر کا دوسرا رخ بھی میرے سامنے تھا۔ یہ ان کا علاقہ تھا۔ وہ شکاری کتوں کی طرح میرا پیچھا کریں گے اور یا تو مجھے گولیوں سے چھلنی کر دیں گے یا میں دوبارہ پکڑا جاؤں گا۔ میں نے بھاگنے کا خیال ذہن سے نکال دیا۔ ویسے بھی ان کی باتوں سے میں نے اندازہ لگایا تھا کہ مجھے کہیں اور بھیجا جانے والا ہے۔

اس کمرے کی ایک دیوار پر کلاک لگا ہوا تھا، جس کی سوئیاں ساڑھے بارہ کا وقت بتا رہی تھیں۔ مجھے کچھ اندازہ نہیں تھا کہ یہ کون سا علاقہ ہے، لیکن قرائن بتا رہے تھے کہ رات کا بقایا حصہ بھی سفر کرتے ہوئے ہی گزرے گا۔

ڈیڑھ بجے کے قریب مجھے مکان سے باہر لایا گیا۔ رئیس قبو ان لوگوں کے ساتھ جیپ کے قریب کھڑا تھا۔ اس کے ساتھ اس قیامت کو دیکھ کر میری آنکھوں میں چمک سی ابھر آئی۔ اس وقت اس نے بھی گہری نظروں سے میری طرف دیکھا اور میں نے محسوس کیا کہ اس کے ہونٹوں پر بہت خفیف سی مسکراہٹ آ گئی تھی۔ میرا خیال تھا کہ وہ رئیس قبو کے ساتھ پجیرو میں جائے گی، لیکن جب وہ جیپ کی پیسنجر سیٹ پر بیٹھی تو میرے دل کی دھڑکن مزید تیز ہو گئی۔ گویا یہ بھی وہیں جا رہی تھی جہاں مجھے لے جایا جا رہا تھا۔

مجھے ایک بار پھر ہتھکڑی لگا دی گئی۔ اسٹیئرنگ مقدم نے سنبھال لیا تھا اور آچر اور میران میرے سامنے والی سیٹ پر تھے۔ میران ذرا سائیڈ میں تھا اور آچر میرے بالکل سامنے بیٹھا تھا۔

رئیس قبو نے مقدم سے پوچھا، ”تم لوگ کون سا راستہ پکڑو گے؟“

مقدم نے کہا، ”نگر پارکر والا، وڈیرہ سائیں! سلمان شاہ بھی تو راستے میں ہمارا انتظار کر رہا ہوگا۔ اسے لے کر ہم گھاٹیوں کی طرف نکل جائیں گے۔“

رئیس قبو نے کہا، ”گھاٹیوں کی طرف مت جانا۔ سوئی گاؤں کا رخ بھی مت کرنا۔ دلدلی علاقے کے ساتھ ساتھ سفر کرتے ہوئے قدالیہ کی طرف نکل جانا۔ وہ راستہ زیادہ محفوظ ہوگا۔“

مقدم نے کہا، ”جی، سائیں!“

جیپ حرکت میں آ گئی اور رات کی تاریکی اور ویرانے میں ہمارا سفر ایک بار پھر شروع ہو گیا۔ کچے راستے سے نکل کر ہم پختہ سڑک پر آ گئے۔ یہ سڑک ویرہ واہ سے ہوتی ہوئی نگر پارکر کی طرف چلی گئی تھی۔ مجھے سمجھنے میں دیر نہ لگی کہ یہ لوگ مجھے سرحد پار لے جانا چاہتے ہیں۔ میں نے ابھی تک ان میں سے کسی سے یہ نہیں پوچھا تھا کہ یہ لوگ مجھے اس طرح اغوا کر کے سرحد پار کیوں لے جا رہے ہیں۔ میں نے اپنے آپ کو وقت کے دھارے پر چھوڑ دیا تھا۔

تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد سامنے اونگھتی ہوئی سی کچھ روشنیاں دکھائی دینے لگیں۔ وہ نگر پارکر نام کا چھوٹا سا شہر تھا، لیکن جیپ اس طرف جانے کے بجائے پختہ سڑک سے اتر کر کچے راستے پر آ گئی اور شہر سے دور ہی سے ہوتی ہوئی دوسری طرف نکل گئی۔ تقریباً پندرہ منٹ مزید چلنے کے بعد مقدم نے جیپ روک لی۔ دو مرتبہ ہیڈ لیمپس سے سگنل دے کر انہیں بجھا دیا۔

چند سیکنڈ کے بعد ہی ایک آدمی جھاڑیوں سے نکل کر جیپ کے قریب آ گیا۔ وہ سلمان شاہ تھا، جو نہ جانے کب سے یہاں کھڑا ہمارا انتظار کر رہا تھا۔ اس کے بیٹھتے ہی جیپ حرکت میں آ گئی۔ اس مرتبہ مقدم نے ہیڈ لیمپس نہیں جلائے تھے اور راستہ بھی تبدیل کر لیا تھا۔

مقدم نے پیچھے مڑ کر سلمان شاہ سے، جو میرے ساتھ بیٹھا ہوا تھا، پوچھا، ”صورتِ حال کیا ہے؟“

سلمان شاہ نے کہا، ”سب ٹھیک ہے۔ رفتار بڑھا دو۔“

مقدم نے جیپ کی رفتار بڑھا دی۔ سخت اور جمی ہوئی ریت تھی۔ راستہ بہرحال ناہموار تھا، جس سے جیپ اچھل رہی تھی اور زور دار جھٹکے لگ رہے تھے۔ میں نے ہتھکڑی والے ہاتھ سے پائپ کو بھی مضبوطی سے پکڑ رکھا تھا۔ تھوڑا ہی فاصلہ طے کرنے کے بعد چھوٹے چھوٹے ٹیلے شروع ہو گئے۔ تاریکی میں بہت دور پہاڑیوں کے تاریک سے ہیولے بھی دکھائی دے رہے تھے۔ جیپ ان ٹیلوں کے گرد چکراتی دوڑتی رہی اور پھر ایک جگہ رک گئی۔

اس وقت چار بج رہے تھے۔ سلمان شاہ چھلانگ لگا کر پچھلی سیٹ سے اترا اور ڈرائیونگ سائیڈ پر مقدم کے قریب جا کھڑا ہوا۔ اس کے اشارے پر مقدم نے انجن بند کر دیا اور وہ دونوں کسی قسم کی آواز سننے کی کوشش کرنے لگے۔ دس منٹ گزر گئے۔ ہر طرف ویرانہ اور سناٹا تھا۔ کہیں سے کوئی معمولی سی آواز بھی سنائی نہیں دے رہی تھی۔

اور پھر گھوں گھوں کی آواز سن کر میں چونکا۔ وہ کسی گاڑی کے انجن کی آواز تھی اور غالباً جیپ تھی۔ ایسے علاقوں میں فور وہیل ڈرائیو جیپ ہی چل سکتی تھی۔ آواز لمحہ بہ لمحہ واضح ہوتی جا رہی تھی اور پھر یوں لگا جیسے وہ گاڑی ہمارے سامنے والے ٹیلے کی دوسری طرف سے گزری ہو۔ سلمان شاہ اس گاڑی کے قریب آنے سے پہلے ہی ٹیلے پر چلا گیا تھا، اور پھر گاڑی کی وہ آواز رفتہ رفتہ دور ہوتی چلی گئی۔

سلمان شاہ دوڑتا ہوا ٹیلے سے اتر آیا۔ وہ ہاتھ ہلاتے ہوئے بولا، ”نکل جاؤ! اس وقت راستہ بالکل صاف ہے۔ جیپ کو جتنی تیز چلا سکتے ہو، چلا کر نکل جاؤ۔“

مقدم نے ایک زور دار جھٹکے سے جیپ کو آگے بڑھا دیا۔ سلمان شاہ وہیں رہ گیا تھا اور میں جانتا تھا کہ وہ دو تین گھنٹوں میں اپنے ٹھکانے پر پہنچ جائے گا۔ جیپ ٹیلے کے اوپر سے گھوم کر تیز رفتاری سے دوڑنے لگی۔ یہ راستہ زیادہ ناہموار تھا۔ بڑے زبردست جھٹکے لگ رہے تھے۔ میں دو تین مرتبہ اپنی سیٹ سے گرا۔ تقریباً آدھے گھنٹے تک جیپ اسی طرح دوڑتی رہی اور پھر اس کی رفتار کم ہو گئی۔ ان سب نے اطمینان کا سانس لیا۔

رات اختتام پذیر تھی۔ ڈینجر زون سے نکل آنے کے بعد وہ سب ہی مطمئن ہو گئے تھے۔ رات کے ابتدائی حصے میں اگرچہ مجھے بڑے زور کی نیند آ رہی تھی، لیکن اب نیند کا کوسوں دور تک نام و نشان نہیں تھا۔ میرے سامنے والی سیٹ پر بیٹھے ہوئے میران اور آچر بار بار اونگھ رہے تھے۔ انہیں اس طرح اونگھتے دیکھ کر میرے ذہن میں اچانک ہی ایک خیال ابھرا اور میں نے اس خیال کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کر لیا۔

میں نے آگے دیکھا۔ وہ خوب صورت حسینہ مقدم سے باتیں کر رہی تھی۔ میں کنکھیوں سے میران اور آچر کی طرف دیکھنے لگا۔ میران اگلی سیٹ کی پشت سے ٹیک لگائے اونگھ رہا تھا۔ آچر سیٹ پر قدرے پیچھے کی طرف جھکا ہوا تھا۔ اس کی کلاشنکوف گود میں تھی اور دوسرے ہاتھ سے کندھے کے قریب پائپ کو پکڑ رکھا تھا۔ میرا ایک ہاتھ پائپ سے لگی ہتھکڑی میں تھا اور دوسرا آزاد تھا۔

میں نے کنکھیوں سے ایک بار پھر صورتِ حال کا جائزہ لیا اور آنکھیں بند کر لیں۔ آنکھیں بند کرنے سے پہلے میں نے یہ بات خاص طور سے نوٹ کی تھی کہ آچر میری طرف دیکھ رہا تھا۔ دو منٹ بعد میں نے ایک آنکھ میں ذرا سی جھری پیدا کر کے دیکھا۔ آچر کی آنکھیں بند ہو چکی تھیں۔ وہ اونگھنے لگا تھا۔

میں بہت محتاط انداز میں سیٹ پر آہستہ آہستہ آگے کی طرف کھسکنے لگا۔ میرا انداز ایسا ہی تھا جیسے جھٹکے لگنے کی وجہ سے سیٹ پر ٹکنا مشکل ہو رہا ہو۔ میرے دل کی دھڑکن تیز ہو رہی تھی اور میں سوچ رہا تھا کہ اگر اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکا تو یہ لوگ مجھے اس قدر مار لگائیں گے کہ پچھلی ساری ماریں بھول جاؤں گا۔ اونگھنے کے انداز میں میری گردن نیچے جھک گئی اور جب میں نے ہاتھ آچر کی گود میں رکھی ہوئی رائفل کی طرف بڑھایا تو اس کی آنکھیں کھل گئیں۔ شاید اس کی چھٹی حس نے اسے کسی خطرے سے خبردار کر دیا تھا۔

میرا ہاتھ اپنی رائفل کی طرف بڑھتے دیکھ کر اس نے بڑی پھرتی سے رائفل سنبھالنے اور سیدھا ہونے کی کوشش کی، لیکن میں اس سے زیادہ پھرتیلا ثابت ہوا۔ رائفل ہاتھ میں آتے ہی میں بڑی تیزی سے سیٹ پر سیدھا ہو کر بیٹھ گیا۔ آچر چیختا ہوا میری طرف جھپٹا، مگر میرے پیر کی زور دار ٹھوکر سے وہ اپنی سیٹ پر الٹ گیا۔

اس کی چیخ کی آواز سن کر میران بھی ہڑبڑا کر اٹھ گیا اور ریوالور والا ہاتھ اوپر اٹھا دیا۔ میں اس دوران رائفل دونوں ہاتھوں میں سنبھال چکا تھا۔ اس کا رخ میران کی طرف کر کے میں نے ٹریگر دبانے میں دیر نہ لگائی۔ بہ یک وقت کئی گولیاں شور مچاتی ہوئی میران کے سینے اور پیٹ میں پیوست ہو گئیں اور وہ سیٹ سے اچھل کر اوندھے منہ فٹ بورڈ پر گرا۔

مقدم نے فوراً ہی جیپ روک لی۔ وہ سیٹ کے ساتھ رکھی ہوئی اپنی رائفل اٹھانا چاہتا تھا، لیکن میری رائفل سے نکلنے والی گولیوں نے اس کی کھوپڑی کے پرخچے اڑا دیے۔ ساتھ والی سیٹ پر بیٹھی ہوئی حسینہ کے منہ سے خوفناک چیخ نکلی اور وہ دونوں ہاتھ منہ پر رکھ کر اپنی سیٹ پر اوندھی ہو گئی۔

میں نے پھرتی سے گھوم کر آچر کو رائفل کی زد پر لے لیا۔ اپنے دو ساتھیوں کو گولیوں سے چھلنی ہوتے دیکھ کر وہ خوف سے تھر تھر کانپنے لگا۔ میں نے اس کی طرف دیکھتے ہوئے کہا، ”آچر! میں نے کہا تھا نا کہ تم سے اپنی چوٹوں کا حساب ضرور لوں گا، اور اب حساب کا وقت آ گیا۔“

وہ دونوں ہاتھ جوڑ کر گڑگڑانے لگا، ”مجھے معاف کر دو، سائیں! میرے باپ، مجھے معاف کر دے۔ میں تیرے پاؤں پکڑتا ہوں۔“

وہ جیسے ہی آگے جھکا، میں نے اس کے منہ پر زور دار ٹھوکر مار دی۔ وہ چیختا ہوا دوبارہ اپنی سیٹ پر گر گیا۔ میں نے کہا، ”جیب سے ہتھکڑی کی چابی نکال کر اس چھوکری کو دو۔“ پھر اس حسینہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ”او چھوکری! اس سے چابی لے کر جیپ سے اترو اور اس طرف آ کر میری ہتھکڑی کھولو۔“

وہ لڑکی سیدھی ہو گئی۔ آچر نے سیٹ کے اوپر سے ہی چابی اس کی طرف بڑھا دی۔ وہ نیچے اتر آئی اور جیپ کے گرد گھوم کر میری طرف آ گئی اور ہتھکڑی میں چابی لگانے کی کوشش کرنے لگی۔ اس کے ہاتھ بری طرح کانپ رہے تھے۔ میں نے آچر کو رائفل کی زد پر لے رکھا تھا۔ مجھے ڈر تھا کہ وہ موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کرے، مگر میرا اندیشہ بے بنیاد ہی نکلا۔ وہ سیٹ پر بیٹھا تھر تھر کانپتا اور معافی مانگتا رہا۔

ہتھکڑی کھلنے میں دو منٹ لگ گئے۔ میں اٹھ کر کھڑا ہو گیا اور آچر کو زور دار ٹھوکر مارتے ہوئے غرایا، ”نیچے اترو!“

وہ بولا، ”مجھے معاف کر دو!“

میں نے اسے ایک اور ٹھوکر مار دی۔ کہا، ”میں جانتا ہوں کہ ظالم ہمیشہ بزدل ہوتا ہے۔ دوسروں پر ظلم کرتے ہوئے اسے ذرا بھی رحم نہیں آتا، مگر جب اپنی باری آتی ہے تو وہ گڑگڑانے لگتا ہے اور رحم کی بھیک مانگنے لگتا ہے۔“

میں نے اسے دھکا دے کر جیپ سے نیچے گرا دیا۔ کہا، ”میں تو تمہیں بہت دلیر سمجھتا تھا، لیکن تم تو بزدل نکلے۔ جب تم نے اور میران نے میری دھنائی کی تھی تو میں نے تم سے معافی نہیں مانگی تھی۔ اب تم کیوں رحم کی بھیک مانگ رہے ہو؟ تمہیں کم از کم اپنی مونچھوں کی تو لاج رکھنی چاہیے تھی۔ چل، اٹھ! مجھے تم سے اپنا حساب لینا ہے۔“

آچر اٹھ تو گیا، مگر بدستور گڑگڑا رہا تھا۔ میں نے رائفل کا بٹ اس کے منہ پر مارا۔ وہ چیخ اٹھا۔ میرا ہاتھ نہیں رکا۔ دوسری ضرب اس کی پسلیوں پر لگی۔ وہ بلبلاتا ہوا نیچے گرا۔ میں نے اسے ٹھوکروں پر رکھ لیا۔ وہ زمین پر لوٹتا اور چیختا رہا۔ وہ اٹھ تو گیا، مگر بھاگنے کے بجائے دونوں ہاتھ جوڑ کر معافی مانگنے لگا۔

میں چیخا، ”بھاگتا ہے یا سینہ چھلنی کر دوں؟“

وہ چند لمحے دہشت زدہ سی نظروں سے میری طرف دیکھتا رہا، پھر ایک طرف بھاگ کھڑا ہوا۔ وہ پندرہ بیس گز آگے نکل چکا تھا۔ اس کے منہ سے عجیب سی آوازیں نکل رہی تھیں اور وہ بار بار پیچھے مڑ کر دیکھ رہا تھا۔ میں نے رائفل سیدھی کی اور ٹریگر کھینچ لیا۔ ویرانہ ایک بار پھر تڑتڑاہٹ کی آواز سے گونج اٹھا۔ اس مرتبہ اس میں آچر کی چیخیں بھی شامل تھیں۔ وہ لڑکھڑا کر ڈھیر ہو گیا۔ میں نے قریب جا کر اسے دیکھنے کی ضرورت محسوس نہیں کی اور مڑ کر لڑکی کی طرف دیکھنے لگا، جو جیپ سے ٹیک لگائے کھڑی تھر تھر کانپ رہی تھی۔

کسی جرائم پیشہ گروہ میں شامل ہونا الگ بات ہے، لیکن جب صورتِ حال ایسی ہو تو بڑے بڑوں کا پِتّا پانی ہو جاتا ہے۔ آچر کی حالت اس نے دیکھی تھی کہ وہ کس طرح گڑگڑا کر مجھ سے رحم کی بھیک مانگ رہا تھا، اور وہ تو پھر ایک عورت تھی۔ اس نے تین آدمیوں کو میرے ہاتھوں گولیوں سے چھلنی ہوتے دیکھا تھا۔ اس کا خوف زدہ ہونا فطری بات تھی۔

میں نے رائفل کندھے پر لٹکا لی اور جیپ کے پچھلے حصے پر چڑھ گیا۔ میران دونوں سیٹوں کے بیچ اوندھا پڑا تھا۔ میں نے بغلوں میں ہاتھ ڈال کر پہلے اسے سیٹ پر ڈالا اور پھر جیپ سے نیچے دھکیل دیا۔ اس کا ریوالور سیٹ پر ہی پڑا ہوا تھا، جسے میں نے اٹھا لیا۔ ریوالور کے تمام چیمبر بھرے ہوئے تھے۔

میرے ذہن میں اچانک ایک خیال آیا۔ میں جیپ سے کود کر میران کی لاش کے لباس کی تلاشی لینے لگا۔ قمیص کے پہلو میں بھی ایک جیب تھی، جس میں ریوالور کے فاضل کارتوس بھرے ہوئے تھے۔ میں نے وہ کارتوس نکال کر اپنی پتلون کی جیب میں ڈال لیے۔ ریوالور کو ہاتھ میں رکھا اور رائفل ریت پر پھینک دی اور گھوم کر ڈرائیونگ سیٹ کی طرف آ گیا۔

مقدم کی لاش ڈرائیونگ سیٹ پر اوندھی پڑی تھی۔ میں نے اسے کھینچ تان کر جیپ سے نکالا اور گھسیٹتے ہوئے دور لے جا کر ریت پر ڈال دیا۔ ڈرائیونگ سیٹ اور اس کے سامنے فٹ میٹ پر خون بکھرا ہوا تھا۔ لگتا تھا جیسے یہاں گائے ذبح کر دی گئی ہو۔ میں اس لڑکی کی طرف گھوم گیا، جو بڑی دہشت زدہ سی نظروں سے میری یہ کارروائی دیکھ رہی تھی۔

”اے، کیا نام ہے تمہارا؟“

وہ ہکلا کر رہ گئی۔ ”ب۔۔۔ ب۔۔۔ بیلا!“

میں نے کہا، ”بیلا! اچھا نام ہے، اور میرا خیال ہے تم ڈرائیونگ بھی جانتی ہو۔ چلو، سیٹ پر بیٹھو۔“ میں نے ڈرائیونگ سیٹ کی طرف اشارہ کیا۔

وہ سیٹ کی طرف دیکھتے ہوئے ہکلائی، ”مگر یہ خون۔۔۔“

میں نے کہا، ”ریت اٹھا کر سیٹ پر ڈال لو اور بیٹھ جاؤ۔“

میں نے آگے بڑھ کر سیٹ کے ساتھ رکھی ہوئی مقدم کی رائفل اٹھا کر جیپ کے پچھلے حصے میں ڈال دی۔ بیلا چند لمحے میری طرف دیکھتی رہی، پھر دونوں ہاتھوں سے ریت اٹھا اٹھا کر سیٹ پر ڈالنے لگی۔ اچھا خاصا خون پھیلا ہوا تھا۔ ریت تر ہو گئی۔ مجھے ڈیش بورڈ کے خانے میں میلا سا ایک کپڑا مل گیا تھا۔ میں نے اس کپڑے سے سیٹ پر ڈالی جانے والی ریت نیچے پھینک دی۔ مزید ریت ڈالنے سے خون پوری طرح اس میں جذب ہو گیا۔ اس کپڑے سے میں نے دوبارہ سیٹ صاف کر دی۔

بیلا نے جس طرح لفظ ”خون“ کہا تھا، اس سے مجھے اندازہ لگانے میں دشواری پیش نہیں آئی کہ وہ ہندوستانی تھی۔ دن کا اجالا پھیلنے لگا تھا۔ جیپ کی رفتار زیادہ تیز نہیں تھی۔ میرے ایک ہاتھ میں ریوالور تھا اور دوسرا ہاتھ میں نے ڈیش بورڈ پر جما رکھا تھا۔ ہمارے چاروں طرف تا حدِ نگاہ ریگستان پھیلا ہوا تھا۔ سبزے کے نام پر کہیں کوئی جھاڑی تک نظر نہیں آ رہی تھی۔

میں نے بیلا کی طرف دیکھتے ہوئے پوچھا، ”کہاں کی رہنے والی ہو؟“

اس نے مختصر سا جواب دیا، ”گڑگاؤں کی۔“

میں نے پوچھا، ”یہ کہاں ہے؟“

بولی، ”دلی کے قریب ایک چھوٹا سا شہر ہے۔“

میں نے کہا، ”اس وڈیرے سے تمہارا کیا تعلق ہے؟ کیا نام ہے اس کا؟ ہاں، رئیس قبو!“

میں چند لمحے خاموش رہا، پھر اس کے جواب کا انتظار کیے بغیر بولا، ”دلی ہندوستان کا کیپٹل ہے اور سرحد سے سینکڑوں میل دور ہے۔ رئیس قبو کا وہ گاؤں یا ڈیرہ سرحد سے کئی گھنٹوں کے فاصلے پر پاکستان میں واقع ہے۔ تمہارا رئیس قبو سے کیا تعلق ہے؟“

بیلا نے جواب دیا، ”وہ میرا دوست ہے۔“

وہ اپنے آپ کو کافی حد تک سنبھال چکی تھی۔ پھر بولی، ”چند سال پہلے وہ ہندوستان آیا تھا۔ ہماری پہلی ملاقات دلی میں ہی ہوئی تھی۔ اس کے بعد میں بھی ایک دو مرتبہ کراچی گئی تھی۔ وہ مجھے پسند کرنے لگا۔ اس طرح ہماری ملاقاتوں کا یہ سلسلہ جاری رہا۔ کبھی وہ ہندوستان آ جاتا اور کبھی میں پاکستان چلی جاتی۔“

میں نے چبھتی ہوئی نظروں سے اس کی طرف دیکھا۔ کہا، ”اور یہ آمدورفت غیر قانونی ہوتی تھی۔ ان ملاقاتوں کا مقصد؟“

بولی، ”ہم ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اور کیا مقصد ہوگا؟“

میں نے کہا، ”بات حلق سے نہیں اترتی۔ میں اصل مقصد جاننا چاہتا ہوں، لو اسٹوری نہیں سننا چاہتا۔ رات کی تاریکی میں غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنا اور پھر ایک لا تعلق آدمی کو قیدی بنا کر سرحد پار پہنچانا، یہ تمہاری لو اسٹوری کا حصہ تو نہیں ہے۔ مجھے یقین ہے کہ مجھ سے پہلے بھی مجھ جیسے لوگوں کو اس طرح سرحد پار پہنچایا جاتا ہوگا۔ کیا ہندوستان میں کسی جگہ غلاموں کی منڈی بھی لگتی ہے؟“

اس نے چونک کر میری طرف دیکھا۔ بولی، ”غلاموں کی منڈی؟“

میں نے کہا، ”ہاں، جہاں اغوا کیے ہوئے مجھ جیسے ہٹے کٹے نوجوانوں کی خرید و فروخت ہوتی ہے۔“

بیلا نے جواب دیا، ”مجھے نہیں معلوم کہ ہندوستان میں۔۔۔“

چند لمحوں کی خاموشی کے بعد بولی، ”مجھے نہیں معلوم۔ مجھے تو ان کے ساتھ قدالیہ تک جانا تھا۔ وہاں سے میں ماؤنٹ ابو چلی جاتی اور جے پور سے ہوتی ہوئی دلی کا رخ کرتی۔ تمہارے بارے میں، میں نہیں جانتی کہ وہ تمہیں کہاں لے جانا چاہتے تھے۔“

ظاہر ہے، مجھے اس کی باتوں پر یقین نہیں آیا تھا۔ مزید سوال کرنے کے بجائے میں خاموش بیٹھا ادھر ادھر دیکھتا رہا۔ مشرقی افق پر شفق کی سرخی پھیلنے لگی تھی۔ جیپ کو اچانک دھچکے لگنے لگے تھے۔ انجن بری طرح کھانسنے لگا۔ اس کی رفتار بھی بتدریج کم ہوتی چلی گئی۔ بیلا نے فیول بتانے والے ڈائل کی طرف دیکھتے ہوئے کہا، ”فیول ختم ہو گیا ہے۔“

سوئی زیرو پر پہنچ کر ساکت ہو چکی تھی۔ میں نے کہا، ”گھبراؤ نہیں۔ پیچھے پیٹرول کے تین کین رکھے ہوئے ہیں۔ جیپ روک لو، میں ٹینک میں پیٹرول ڈال دیتا ہوں۔“

بیلا نے جیپ روک کر انجن بند کر دیا۔ میں جیپ کے پچھلے حصے میں آ گیا، جہاں سیٹ کے نیچے پیٹرول کے کین رکھے ہوئے تھے۔ میں نے ایک کین اٹھا لیا اور ڈھکنا کھول کر جیپ کی ٹینکی میں پیٹرول ڈالنے لگا۔ وہ کین پانچ گیلن کا تھا۔ میں نے پورے کا پورا پیٹرول ٹینکی میں انڈیل دیا۔

سورج طلوع ہو چکا تھا۔ دھوپ نکلتے ہی کرنیں سوئیوں کی طرح جسم میں چبھنے لگی تھیں۔ میں جانتا تھا، دھوپ جیسے جیسے تیز ہوتی جائے گی، ہمارے لیے مشکلات بڑھتی جائیں گی۔ دن کے وقت کسی صحرا میں سفر کرنا قیامت سے کم نہیں ہوتا۔ جیپ کو دوبارہ اسٹارٹ ہونے میں چند منٹ لگ گئے تھے۔ ہمارا سفر بہرحال دوبارہ شروع ہو گیا۔

جیپ کے دونوں طرف باہر کی سائیڈ پر پانی کا ایک ایک مشکیزہ لٹکا ہوا تھا۔ میں نے ایک مشکیزہ اتار لیا۔ پہلے چند گھونٹ پانی پیا اور پھر مشکیزہ بیلا کی طرف بڑھا دیا۔ ہم تقریباً ایک گھنٹے تک سفر کرتے رہے۔ دھوپ خاصی تیز ہو گئی تھی۔ ریت بھی تپنے لگی تھی اور میں سوچ رہا تھا کہ اگر جلد ہی کسی محفوظ جگہ پر نہ پہنچے تو ہمارے دماغ پلپلے ہو جائیں گے۔

بیلا نے اچانک جیپ روک لی اور ادھر ادھر دیکھنے لگی۔ میں نے پوچھا، ”کیا ہوا؟“

بیلا نے کہا، ”میرا خیال ہے، ہم اصل راستے سے بھٹک گئے ہیں۔“

اس کی آنکھوں میں وحشت اور لہجے میں تشویش تھی۔ میں نے کہا، ”رئیس قبو نے روانگی سے پہلے مقدم سے کہا تھا کہ دلدل کے ساتھ ساتھ سفر کرتے رہو۔ وہ راستہ قدالیہ تک پہنچا دے گا۔“

بیلا نے کہا، ”یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ دلدل کس طرف ہے۔“

وہ جیپ سے اتر گئی۔ میں نے بھی اپنی سیٹ چھوڑ دی اور ہم ایک چھوٹے سے ٹیلے پر چڑھ گئے۔ میں نے ایک طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، ”وہ اس طرف جھاڑیاں نظر آ رہی ہیں۔ ہو سکتا ہے دلدلی علاقہ بھی اسی طرف ہو۔“

بیلا نے اس طرف دیکھتے ہوئے کہا، ”وہ سراب بھی ہو سکتا ہے۔ کسی سراب کے چکر میں پھنسنے کے بعد موت ہی پیچھا چھڑائے گی۔“

میں نے ادھر ادھر دیکھتے ہوئے کہا، ”وہ سراب نہیں ہے۔ اگر سراب ہوتا تو کسی اور طرف بھی ایسا منظر دکھائی دیتا، لیکن کسی طرف ایسی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی۔ وہ جھاڑیاں ہی ہیں اور یقیناً دلدلی علاقہ بھی اسی طرف ہے۔“

ہم ٹیلے سے اتر آئے اور پھر بیلا نے جیپ کا رخ اس طرف موڑ دیا۔ میرا اندازہ درست نکلا تھا۔ وہ جھاڑیوں کا جنگل تھا اور اس کے ساتھ دلدلی علاقہ تھا۔ جیپ جھاڑیوں سے کچھ فاصلے پر چلتی رہی، لیکن ہم ایک بار پھر دلدلی علاقے سے بہت دور نکل گئے۔ ٹیلوں کے قریب سے گزرتے ہوئے جیپ کی رفتار پھر کم ہونے لگی۔ اب تک ہم جس علاقے میں سفر کرتے آئے تھے، ریت سخت اور جمی ہوئی تھی، لیکن اب یہ خطہ ایسا نہیں تھا۔ ریت نرم تھی اور جیپ کے پہیے دھنس رہے تھے۔

کچھ دور چلنے کے بعد آخرکار جیپ رک گئی۔ بیلا انجن کو ریس دیتی رہی اور ریت میں دھنسے ہوئے پہیے گھومتے رہے۔ میں نیچے اتر آیا۔ پہیے پورے کے پورے ریت میں دھنسے ہوئے تھے۔ ان کے گھومنے سے ریت اڑ رہی تھی اور پہیوں کے نیچے گڑھے کچھ اور گہرے ہو گئے تھے۔ میں اطراف میں دیکھنے لگا۔ پہیوں کے نیچے پتھر وغیرہ رکھ کر جیپ کو نکالا جا سکتا تھا، مگر ہمارے چاروں طرف ریگستان تھا۔ پتھروں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔
​
 

Create an account or login to read stories

You must be a member in order to leave a comment

Create account

Create an account on our community. It's easy!

Log in

Already have an account? Log in here.

New posts
Back
Top