خوش آمدید

لو اسٹوری فورم ، اردو دنیا کا نمبر ون اردو اسٹوری فورم ، ابھی فورم کےممبر بنیں اور اردو کی بہترین کہانیاں پڑھیں ۔

Register Now!
Welcome image
  • If you are unable to access the site, please try accessing it via a VPN.
    Try these VPN apps — CLICK HERE
  • PAID PLANS

    ٹاپ پیکیج
    👑

    PREMIUM

    16000
    چھ ماہ کے لیے
    بہترین ڈیل
    💎

    VIP+

    6000
    چھ ماہ کے لیے
    بنیادی ڈیل
    ⭐

    VIP

    3500
    تین ماہ کے لیے

Spy Thriller مشن ۔۔۔را

Man mojiMan moji is verified member.

Staff member
Super Mod
Joined
Dec 24, 2022
Messages
12,110
Reaction score
383,342
Location
pakistan
Gender
Male

مشن را
قسط 1

وہ کمرہ آٹھ بائی آٹھ فٹ سے زیادہ بڑا نہیں تھا۔ سنگلاخ دیواریں، گرد آلود فرش، سامنے لوہے کی موٹی موٹی سلاخوں والا دروازہ اور پچھلی دیوار میں تقریباً بارہ فٹ اوپر، پندرہ انچ لمبا اور آٹھ انچ چوڑا روشن دان۔ اس میں بھی لوہے کی موٹی موٹی سلاخیں لگی ہوئی تھیں۔ اگر اس روشن دان میں سلاخیں نہ بھی ہوتیں تو میری صحت پر کوئی فرق نہیں پڑ سکتا تھا۔ بلی کا بچہ تو شاید اس میں سے گزرنے میں کامیاب ہو جاتا، مگر میں بلی کا نہیں، انسان کا بچہ تھا۔ پانچ فٹ سات انچ قد اور صحت مند جسم۔ مجھ جیسے ہٹے کٹے آدمی کے لیے اس روشن دان سے گزرنے کا تصور کرنا بھی دنیا کی سب سے بڑی حماقت ہوتی۔

اس روشن دان کا ایک فائدہ ضرور تھا کہ مشرقی رخ پر ہونے کی وجہ سے دن کے وقت وہاں سے کچھ دیر کے لیے دھوپ اور روشنی آ جاتی تھی اور میں آسمان کے کچھ حصے کا نظارہ کر سکتا تھا۔ سلاخوں والے دروازے کے سامنے ایک تنگ سی راہداری تھی، جس کی وجہ سے دن کے وقت بھی کمرے کا ماحول نیم تاریک سا رہتا تھا۔ یہاں بجلی نہیں تھی۔ شام کے وقت راہداری میں ایک طرف لالٹین اور کیروسین لیمپ کی مدھم سی روشنی نظر آ جاتی، مگر میرا کمرہ تاریکی میں ہی ڈوبا رہتا۔ گزشتہ تین دنوں کے دوران میرے کمرے میں روشنی کا بندوبست بھی نہیں کیا گیا تھا۔ شاید اس کی ضرورت ہی نہیں سمجھی گئی تھی۔

جی ہاں، میں پچھلے تین دن سے پتھروں کی دیواروں والے اس کمرے میں قید تھا اور میری نگرانی کرنے والوں کے دل ان پتھروں سے بھی زیادہ سخت تھے۔ ان تین دنوں کے دوران انہوں نے ایک مرتبہ بھی مجھے اس کمرے سے باہر نہیں نکالا تھا اور اس عرصے کے دوران میں اس کمرے کے چپے چپے کا جائزہ لے چکا تھا۔

دو دیواروں کے سنگم پر فرش پر تین پتھر رکھ کر چولہا سا بنا ہوا تھا، جس میں شاید برسوں پرانے بجھے ہوئے کوئلے اور راکھ پڑی ہوئی تھی۔ ان کوئلوں اور راکھ پر بھی دھول کی تہہ جمی ہوئی تھی اور اسی سے میں نے اندازہ لگایا کہ یہاں آگ برسوں پہلے نہیں تو مہینوں پہلے جلائی گئی ہوگی۔ دوسرے کونے میں تین فٹ لمبا اور اتنا ہی چوڑا، سیمنٹ کا تین انچ اونچا چبوترا بنا ہوا تھا۔ اس کھرے کی ڈھلان دیواروں کے نکڑ کی طرف تھی۔ دیوار میں کھرے کی سطح سے ذرا نیچے تین چار انچ گولائی کا سوراخ تھا، جس سے کھرے میں بہنے والا پانی باہر نکل جاتا۔

کھرے میں ایک طرف پلاسٹک کی، بغیر ہینڈل کی بڑی سی بالٹی رکھی ہوئی تھی، جس میں پانی بھرا ہوا تھا، اور پلاسٹک کا ایک گلاس کسی مردہ مچھلی کی طرح پانی کی سطح پر تیر رہا تھا۔ ان تین دنوں کے دوران میں اپنی ہر فطری ضرورت کے لیے وہ کھرا ہی استعمال کر رہا تھا۔ اگرچہ میں ہر مرتبہ اچھا خاصا پانی بہا دیتا، لیکن بڑی ناگوار سی بو کمرے کی فضا میں گویا رچ بس گئی تھی اور میں اس کا عادی بھی ہو گیا تھا۔

تین دن پہلے جب مجھے ایک بند وین میں ڈال کر یہاں لایا گیا تھا تو اس وقت شام کا دھندلکا پھیل رہا تھا۔ سفر کے دوران میری آنکھوں پر پٹی بندھی رہی تھی۔ اس کے باوجود میں نے یہ اندازہ لگا لیا تھا کہ تقریباً تین گھنٹوں کا یہ سفر کسی ویرانے میں طے ہوا تھا، کیونکہ اس دوران مجھے کسی اور گاڑی کے قریب سے گزرنے کی آواز سنائی نہیں دی تھی۔

میری آنکھوں کی پٹی اس وقت کھولی گئی جب وہ بند وین اپنا سفر ختم کر کے اس عمارت کے کمپاؤنڈ میں رک گئی تھی۔ آنکھوں سے پٹی کھل جانے کے بعد بھی میں دیر تک کچھ نہیں دیکھ سکا تھا۔ ایک لمحے کو تو میرے ذہن میں یہ خیال بھی ابھرا تھا کہ کہیں میری بینائی تو زائل نہیں ہو گئی۔ دو تین مرتبہ آنکھیں ملنے کے بعد ہی یہ احساس ہو سکا تھا کہ میری آنکھوں کی روشنی تو قائم تھی، البتہ دن کی روشنی غائب ہو رہی تھی۔

میں وین کے قریب کھڑا ادھر ادھر دیکھنے لگا۔ یہ بڑے بڑے پتھروں سے بنی ہوئی قدیم طرز کی کوئی عمارت تھی۔ بہت وسیع و عریض کمپاؤنڈ تھا۔ فصیل نما دیواریں کافی اونچی تھیں، جو جگہ جگہ سے ٹوٹی پھوٹی نظر آ رہی تھیں۔ بالکل سامنے وہ عمارت تھی، جس کا طرزِ تعمیر دیکھ کر پرانے زمانے کے راجپوت راجوں مہاراجوں کا تصور ذہن میں ابھرتا تھا۔ ایسی عمارتیں انڈین فلموں میں اکثر دیکھنے میں آتی ہیں۔ میں نے بہت سی انڈین فلمیں دیکھی ہیں۔

ویسے ہم پاکستانی بھی عجیب ہیں۔ ہندوستان سے ہماری کھلی دشمنی ہے۔ متعدد جنگیں ہو چکی ہیں۔ بھارت ہمارا ایک بازو کاٹ چکا ہے۔ طاقت کے بل بوتے پر کشمیر کو ہڑپ کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے۔ سرحدوں پر کئی بار جارحیت کا مرتکب ہو چکا ہے۔ اپنے ایجنٹوں کے ذریعے دہشت گردی کر کے ہمارے شہروں میں بے گناہوں کے خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ پاکستان کی سلامتی کے خلاف بھارتی حکمرانوں کی سازشوں کا چکر چرخے کی طرح چلتا رہتا ہے۔

جب کبھی صورتِ حال بہت زیادہ سنگین ہو جاتی ہے تو ہمارے عوام سڑکوں پر مظاہرے کرتے ہیں۔ جوش اور غصے میں اپنے ہی شہروں میں توڑ پھوڑ شروع کر دیتے ہیں۔ ٹرینوں پر حملے کرتے ہیں۔ سڑکوں پر بسوں اور گاڑیوں کو آگ لگا دیتے ہیں۔ پتھراؤ کر کے دکانوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔ سیاست دان بھارتی حکمرانوں کے خلاف بڑے دھواں دھار قسم کے بیانات جاری کرتے ہیں۔ بھارت کے خلاف نفرت اور غصے کا اظہار ہر طرح سے ہوتا ہے، مگر ہم انڈین فلمیں ہی دیکھتے ہیں۔

سڑکوں پر بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے لگا رہے ہوں تو گھروں میں ٹی وی پر مادھوری اور ہیما کی دلوں کو گرما دینے والی فلمیں ہی چل رہی ہوتی ہیں۔ بڑے بڑے ہوٹلوں کی بات نہیں کرتا، جھونپڑا قسم کے ہوٹلوں میں بھی یا تو وی سی آر پر انڈین فلمیں چل رہی ہوتی ہیں یا براہِ راست آنے والے چینلز سے دیدے سینکے جا رہے ہوتے ہیں۔

شاید میں اپنے موضوع سے ہٹ رہا ہوں۔ میں تو آپ کو بتا رہا تھا کہ میں نے بھی ایسے جھونپڑا قسم کے ہوٹلوں میں بہت سی انڈین فلمیں دیکھی ہیں اور ایسی عمارتیں انہی فلموں میں نظر آتی ہیں۔ مگر یہ عمارت شاید عرصے سے ویران پڑی تھی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی۔ اس عمارت کو دیکھنے سے اندازہ ہوتا تھا کہ اس میں کئی کمرے ہوں گے، لیکن میں یہ بھی دیکھ رہا تھا کہ اس عمارت کے کچھ حصے حوادثِ زمانہ کا شکار ہو کر کھنڈروں میں تبدیل ہو چکے تھے۔ البتہ جو حصے محفوظ تھے، وہ ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ لوگوں کے استعمال کے لیے رہ گئے تھے۔ چاروں طرف پھیلی ہوئی خاموشی سے میں یہ بھی اندازہ لگا سکتا تھا کہ یہ عمارت کسی آبادی سے میلوں دور ویرانے میں تھی، جہاں عام آدمی کا گزر نہیں تھا۔

میرے دائیں طرف کھڑے ہوئے شخص نے مجھے دھکا دیتے ہوئے کہا، ”یہاں کھڑا کیا دیکھ رہا ہے، چریا! آگے بڑھے گا یا یہیں کھڑے کھڑے زندگی گزار دے گا؟“

میں نے مڑ کر اس کی طرف دیکھا۔ اس کا قد چھے فٹ سے بھی نکلتا ہوا تھا۔ نیلے رنگ کی بڑے گھیر کی شلوار، میلی سی سفید قمیص، میرون رنگ کی نیلے پھولوں والی ایک چادر لمبائی کے رخ پر اس طرح تہہ کی گئی تھی کہ اس کی چوڑائی ایک بالشت سے زیادہ نہیں رہ گئی تھی۔ یہ چادر کمر پر لپیٹ کر اس کے دونوں پلو بغلوں میں سے گزار کر سامنے لاتے ہوئے کندھوں پر سے پیچھے کی طرف ڈال دیے گئے تھے۔

اس شخص کے پیروں میں براؤن جوتے تھے، جو خاصے پرانے تھے۔ اس نے غالباً تین چار روز سے شیو نہیں کی تھی۔ بڑی بڑی گھنی مونچھیں تھیں اور آنکھوں میں سرخی تھی، جیسے کئی روز کا جاگا ہوا ہو یا کسی نشے کا عادی ہو۔ سر کے بے تحاشا بڑھے ہوئے بال گردن پر پھیلے ہوئے تھے اور سر پر مخصوص طرز کی بنی ہوئی سرخ ٹوپی تھی، جس میں لاتعداد چھوٹے چھوٹے آئینے لگے ہوئے تھے۔ اس کے لباس اور اندازِ گفتگو سے مجھے اندازہ لگانے میں دشواری پیش نہیں آئی کہ اس کا تعلق پاکستان کے کس خطے سے ہو سکتا ہے۔

اس کے دوسرے ساتھی کا حلیہ بھی اس سے مختلف نہیں تھا۔ یہی دونوں اس وین میں مجھے اپنے ساتھ لے کر آئے تھے۔ ان میں سے ایک کے ہاتھ میں ریوالور تھا اور دوسرے کے ہاتھ میں کلاشنکوف۔ سامنے عمارت کے شکستہ برآمدے میں بھی انہی کے حلیے سے ملتا جلتا ایک آدمی کھڑا تھا۔ اس کے ہاتھ میں بھی کلاشنکوف نظر آ رہی تھی۔ وہ دونوں مجھے دھکے دیتے ہوئے برآمدے میں لے آئے۔

میرے ساتھ آنے والوں میں سے ایک نے مجھے ایک اور دھکا دیتے ہوئے برآمدے میں کھڑے ہوئے شخص کو مخاطب کیا، ”اس کو سنبھال، آچر! چھوکرا بڑا غضب ناک ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ تمہاری غفلت سے ہماری ساری محنت پر پانی پھر جائے۔“

آچر نامی اس شخص نے جواب دیا، ”کیا بات کرتے ہو، میران! آچر کے ہاتھ آیا ہوا باز بھی چڑیا کی طرح پھڑپھڑا کر رہ جاتا ہے۔ یہ چھوکرا کیا ہے! اسے تو میں ایسا سنبھالوں گا کہ اسے خود بھی خبر نہیں ہوگی کہ یہ کہاں ہے۔ اور اگر اس نے آچر سے پنجہ لڑانے کی کوشش کی تو ایسی مار لگاؤں گا کہ مرتے دم تک میرا نام نہیں بھولے گا۔“

اور پھر اس نے اپنے کہے پر عمل بھی شروع کر دیا، جس کے لیے میں تیار نہیں تھا۔ تیار ہوتا بھی تو بھلا اس کا کیا بگاڑ لیتا! میں ان کا قیدی تھا۔ وہ رائفلیں اور ریوالور لیے کھڑے تھے۔ آچر نامی اس شخص نے میری دھنائی کر کے مجھے یہ تاثر دینے کی کوشش کی تھی کہ میں جب تک یہاں رہوں، شرافت سے رہوں اور ان کے سامنے ہاتھ تو کیا، نظریں بھی اٹھانے کی کوشش نہ کروں۔ آچر کی پٹائی سے میرے ہونٹوں سے خون بہہ نکلا، جسے میں بار بار قمیص کی آستین سے پونچھ رہا تھا۔

وہ مجھے دھکے دیتے ہوئے ایک شکستہ محراب میں داخل ہو کر ایک تنگ اور تاریک سی راہداری میں آ گئے۔ ایک کمرے کے سامنے سے گزرتے ہوئے میں نے کھلے ہوئے دروازے سے اندر جھانک لیا۔ کمرے میں کسی جگہ کیروسین لیمپ یا لالٹین جل رہی تھی۔ فرش پر دو بستر لگے ہوئے تھے۔ کچھ اور چیزیں بھی نظر آئی تھیں۔ اس سے آگے والے دو کمروں کی دیواریں ٹوٹی ہوئی تھیں۔ البتہ اس کے بعد کا کمرہ ٹھیک تھا۔ اس کا دروازہ لوہے کی موٹی موٹی سلاخوں کا تھا۔ کنڈا بھی تقریباً دو انچ موٹا تھا، جو دیوار میں گھسا ہوا تھا۔ اس دیوار میں ایک طاقچہ سا بنا ہوا تھا، جہاں اس کنڈے کو بڑا سا تالا لگا ہوا تھا۔

میران نامی شخص نے کلاشنکوف کی نال میری پشت سے لگا رکھی تھی۔ آچر نے قمیص کی جیب سے ایک کی رِنگ نکالا۔ اس میں صرف دو چابیاں تھیں۔ ایک تو عام سے سائز کی چابی تھی اور دوسری نسبتاً بڑی۔ اس نے بڑی چابی سے طاقچے میں لگا ہوا تالا کھولا اور وزنی کنڈا کھینچ لیا۔ آہنی کنڈے کی آواز سناٹے میں دور تک پھیل گئی تھی۔

دروازہ کھول کر آچر نے اس زور سے میرے کولہوں پر لات رسید کی تھی کہ میرے منہ سے بے اختیار ہلکی سی چیخ نکل گئی اور میں لڑکھڑاتا ہوا منہ کے بل گرا۔ اگر میں فوراً ہی اپنے دونوں ہاتھ آگے نہ کر لیتا تو چہرہ فرش سے ٹکراتا اور ایک آدھ دانت ضرور اپنی جگہ چھوڑ دیتا۔ آچر نامی اس شخص نے بلاوجہ میری پٹائی کر کے اپنے لیے میرے دل میں نفرت پیدا کر دی تھی اور میں جانتا تھا کہ مجھے اس سے پنجہ لڑانے کا موقع ضرور ملے گا۔ جب کسی کے لیے دل میں نفرت اور کدورت ہو تو اس سے دو دو ہاتھ کرنے میں مزا بھی آتا ہے۔ بلاوجہ کسی پر ہاتھ اٹھانا بے مزا سی بات تھی۔

دھڑ سے آہنی دروازہ بند ہوا، پھر وزنی کنڈے کے ہلنے اور تالا لگنے کی آواز سنائی دی۔ اس کے ساتھ ہی آچر کی آواز بھی میری سماعت سے ٹکرائی تھی۔ بولا، ”اس وقت تو آرام سے سو جا، چھوکرے! سویرے تم سے کچہری کریں گے۔“

آرام سے سو جانے کی بات تو اس نے ایسے کہی تھی جیسے میں اس کا وی آئی پی مہمان تھا اور بڑے آرام و احترام سے خواب گاہ میں پہنچا دیا گیا تھا، جہاں نرم اور مخملی بستر میرا منتظر ہو۔ میرا بستر تو گرد آلود اور ناہموار فرش تھا۔ کمرے میں گہری تاریکی تھی۔

میں اٹھ کر بیٹھ گیا۔ چند لمحے حواس مجتمع کرنے کی کوشش کرتا رہا، پھر ہاتھ پھیلا کر اپنے اطراف میں ٹٹولنے لگا۔ فرش کی اینٹیں جگہ جگہ سے ٹوٹی اور اکھڑی ہوئی تھیں اور گرد کی خاصی دبیز تہہ تھی۔ میں اندھوں کی طرح ٹٹولتا ہوا دیوار کے قریب پہنچ گیا۔ پہلے میں نے سوچا کہ اٹھ کر ٹٹولتے ہوئے پورے کمرے کا جائزہ لوں، پھر یہ ارادہ ملتوی کر دیا۔ کمرے میں گھور اندھیرا تھا۔ ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہ دینے والی کہاوت یہاں بالکل صادق آتی تھی۔ پتا نہیں، اس کمرے کی صورتِ حال کیسی ہو! اندھیرے میں چلتے ہوئے کوئی حادثہ بھی پیش آ سکتا تھا۔

میں دیوار کے ساتھ ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔ ٹانگیں آگے کو پھیلا لیں اور ہونٹ ٹٹولنے لگا۔ خون رسنا اگرچہ بند ہو گیا تھا، لیکن تکلیف بدستور تھی۔ میں اس وقت کچھ سوچنے کی پوزیشن میں نہیں تھا۔ کم بخت آچر نے میری پٹائی میں بڑی بے رحمی سے کام لیا تھا۔ ایک دو مکے سر پر بھی لگے تھے، جس سے دماغ میں دھماکے ہو رہے تھے۔

اس وقت مجھے اس تاریک کمرے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا، لیکن میرے خیال میں اس کی پچھلی دیوار میں کوئی روشن دان بھی تھا، جہاں سے ہوا آ رہی تھی۔ اگر دروازہ لکڑی کا ہوتا تو بند کمرے میں گھٹن ہوتی، مگر کراس وینٹی لیشن کی وجہ سے گھٹن تو نہیں تھی، البتہ گرمی کا احساس ہو رہا تھا۔ میری قمیص پسینے میں تر ہونے لگی تھی۔

اگر بات صرف گرمی کی ہوتی تو قابلِ برداشت تھی، مگر اس اندھیرے میں تو مجھ پر ایک قیامت ٹوٹ پڑی تھی۔ مچھر بے دردی سے میرا خون چوس رہے تھے۔ مچھروں کو مارنے کے چکر میں، میں نے تھپڑ مار مار کر اپنی گردن بھی سوجا لی۔ ہاتھوں کی پشت کا بھی یہی حال تھا اور چہرے کا بھی۔ جسم سے چپکی ہوئی قمیص بھی ان کم بختوں کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکی تھی۔

تقریباً ایک گھنٹے کے بعد کمپاؤنڈ میں وین کا انجن اسٹارٹ ہونے کی آواز سنائی دی اور پھر وہ آواز بتدریج معدوم ہوتی چلی گئی۔ مجھے ساتھ لانے والے یا تو دونوں واپس چلے گئے تھے یا ان میں سے کوئی ایک رہ گیا تھا۔ تھوڑی ہی دیر کے بعد راہداری کی طرف سے باتوں کی آواز سنائی دی تو اندازہ ہوا کہ ایک آدمی آچر کے پاس رہ گیا تھا اور دوسرا واپس چلا گیا تھا۔ لیکن ان کے ایک یا دو ہونے سے فی الحال مجھ پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا تھا۔

وہ دونوں شاید اپنے کمرے میں چلے گئے تھے۔ کوئی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔ سناٹا تھا، روح کی گہرائیوں میں اتر جانے والا سناٹا! لیکن شاید میں غلط کہہ گیا۔ مچھروں کی للکار بدستور میرے کانوں میں گونج رہی تھی اور ان سے بچنے کی کوشش میں، میں اپنے آپ کو تمانچے مار رہا تھا۔

وقت کی رفتار جیسے تھم گئی تھی۔ لمحے صدیاں بن کر بیت رہے تھے۔ میں دعائیں مانگتا رہا کہ جلد سے جلد رات بیت جائے، لیکن نظامِ قدرت کسی کی خواہشات کا تابع نہیں ہوتا۔ وقت کا پہیہ تو اپنی رفتار سے چلتا ہے، اس میں کبھی فرق نہیں آتا۔ کسی سیانے نے ٹھیک کہا ہے کہ نیند تو پھانسی کے تختے پر بھی آ جاتی ہے، اور میں تو اس وقت نہ تو پھانسی کے تختے پر تھا اور نہ ہی میرے گلے میں پھندا تھا۔ نیند نے آخرکار مجھے دبوچ ہی لیا اور میں دیوار کے قریب ہی گرد آلود فرش پر دراز ہو گیا۔ میری آنکھیں خودبخود بند ہوتی چلی گئیں۔

آنکھوں پر چمک پڑتے ہی میں ہڑبڑا کر اٹھ گیا۔ میرا خیال تھا کہ کسی نے میرے چہرے پر ٹارچ کی تیز روشنی ڈالی ہے، مگر وہ ٹارچ کی روشنی نہیں، دھوپ کی کرنیں تھیں، جو اس کمرے کی عقبی دیوار کے روشن دان سے براہِ راست میرے چہرے پر پڑ رہی تھیں۔ میں اٹھ کر بیٹھ گیا۔ ایک زور دار قسم کی انگڑائی لی اور کمرے کا جائزہ لیا۔ کمرے کے بارے میں آپ کو بتا چکا ہوں، لیکن اس وقت یہاں پانی کی بالٹی نہیں تھی۔ وہ بعد میں آئی تھی۔

میں دو چار منٹ اپنی جگہ پر بیٹھا رہا، پھر دروازے کے قریب آ گیا۔ دونوں ہاتھوں سے سلاخوں کو پکڑ کر ہلانے جلانے کی کوشش کی۔ خاصا مضبوط دروازہ تھا۔ میرا خیال تھا کہ یہ کمرہ عمارت کی تعمیر کے وقت سے ہی بندی خانے کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ میں نے سلاخوں سے منہ لگا کر راہداری میں جھانکنے کی کوشش کی، مگر زیادہ دور تک نہیں دیکھ سکا۔

میں نے کل دوپہر کو کھانا نہیں کھایا تھا اور ان کم بختوں نے بھی رات کو یہاں مار ہی کھلائی تھی۔ ظاہر ہے، مار سے پیٹ نہیں بھرتا۔ اس وقت پیٹ میں کچھ اینٹھن سی محسوس ہو رہی تھی۔ میں زور زور سے پکارنے لگا، ”آچر! میران!“

گزشتہ رات ان دونوں کی باتوں سے یہی دو نام معلوم ہوئے تھے۔ ایک منٹ کے بعد آچر نام کا وہ شخص دروازے کے سامنے آ گیا۔ بولا، ”کیا بات ہے، چریا! کیوں کھپ مچاتا پڑا ہے؟“

میں نے کہا، ”کچھ کھانے کو تو دو، سائیں! پیٹ میں آگ سی لگی ہوئی ہے۔ تم لوگ اپنے مہمانوں کو ایسے ہی بھوکا رکھتے ہو؟“

آچر کھا جانے والی نظروں سے میری جانب دیکھتے ہوئے بولا، ”خود تو نواب صاحب دس بجے تک سویا ہے اور بات ہم کو سناتا ہے۔ ادھر بیٹھو، میں ابھی تیرے لیے کچھ کھانے کو لاتا ہوں۔“

آچر واپس چلا گیا۔ میں سلاخوں سے لگا کھڑا رہا۔ تقریباً دس منٹ کے بعد وہ دونوں واپس آ گئے۔ دوسرا میران تھا۔ اس مرتبہ آچر کے کندھے پر رائفل تھی، جبکہ میران نے پانی سے بھری بالٹی اٹھا رکھی تھی۔ آچر نے رائفل میران کے حوالے کر دی، جس نے رائفل ہی سے مجھے پیچھے ہٹنے کا اشارہ کیا۔ میں روشن دان والی دیوار سے لگ کر کھڑا ہو گیا۔ آچر نے دروازہ کھول کر رائفل سنبھال لی اور میران کو اشارہ کیا۔

وہ پانی سے بھری ہوئی بالٹی اٹھا کر کمرے میں آ گیا۔ اس کی نظریں میری طرف تھیں اور آچر نے بھی مجھے رائفل کی زد پر لے رکھا تھا۔ اس کا خیال تھا کہ میں کوئی حرکت کرنے کی کوشش کروں گا، لیکن میں اطمینان سے دیوار کے ساتھ ٹیک لگائے کھڑا رہا۔ بالٹی کھرے میں رکھ کر میران نے اس کا ہینڈل نکال دیا اور باہر چلا گیا۔ شاید اس کا خیال تھا کہ میں بالٹی کے ہینڈل کو کسی وقت ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کروں گا، لیکن کمرے کے کونے میں پڑے ہوئے چولہے کے پتھروں کو تو وہ بھول ہی گئے تھے۔

آچر نے بڑی تیزی سے دروازہ بند کر کے تالا لگا دیا اور دونوں واپس چلے گئے۔ میں مسکراتا ہوا کھرے کی طرف بڑھ گیا۔ ہونٹوں پر جما ہوا خون صاف کیا، منہ پر پانی کے دو تین چھپاکے مارے اور گلاس بھر کر پی بھی لیا۔ میں نے منہ پونچھنے کے لیے پینٹ میں اڑسی ہوئی قمیص کھینچ کر باہر نکالی، چہرہ نیچے جھکایا، پھر ارادہ بدل دیا۔ گرد آلود فرش پر سونے سے قمیص بہت گندی ہو گئی تھی۔

اس مرتبہ ان کی واپسی میں تقریباً بیس منٹ لگ گئے۔ میران نے گیہوں کے تنکوں سے بنی ہوئی چنگیر اٹھا رکھی تھی، جس میں توے کی پکی ہوئی ایک موٹی سی روٹی اور پلاسٹک کے ایک بہت گندے مگ میں قہوہ تھا۔ میں دیوار سے ٹیک لگائے کھڑا تھا۔ دروازے میں کھڑے ہوئے آچر نے مجھے رائفل کی زد پر لے رکھا تھا۔ میں گہری نظروں سے باری باری دونوں کی طرف دیکھ رہا تھا۔ ایسی صورتِ حال میں کوئی پنگا لینا خودکشی کے مترادف تھا، لیکن میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ اگر کوئی موقع ملا تو اسے ضائع نہیں کروں گا۔

میران میری طرف دیکھتا ہوا آگے بڑھا۔ کمرے کے وسط میں پہنچ کر وہ رک گیا۔ کمرے کے اندر تک چلے آنا اس کی بہت بڑی غلطی تھی۔ وہ چنگیر فرش پر رکھنے کے لیے جھکا۔ میں نے سوچا، ”اب یا کبھی نہیں!“
​
 

مشن را
قسط 2

میں دیوار سے ٹیک لگائے کھڑا تھا۔ دروازے میں کھڑے ہوئے آچر نے مجھے رائفل کی زد پر لے رکھا تھا۔ میں گہری نظروں سے باری باری دونوں کی طرف دیکھ رہا تھا۔ ایسی صورتِ حال میں کوئی پنگا لینا خودکشی کے مترادف تھا، لیکن میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ اگر کوئی موقع ملا تو اسے ضائع نہیں کروں گا۔

میران میری طرف دیکھتا ہوا آگے بڑھا۔ کمرے کے وسط میں پہنچ کر وہ رک گیا۔ کمرے کے اندر تک چلے آنا اس کی بہت بڑی غلطی تھی۔ وہ چنگیر فرش پر رکھنے کے لیے جھکا۔ میں نے سوچا، ”اب یا کبھی نہیں!“

میں نے فوراً ہی فیصلہ کر لیا۔ ایک نظر دروازے میں کھڑے ہوئے آچر کی طرف دیکھا۔ میران نے ایک غلطی تو یہ کی تھی کہ وہ کمرے کے وسط تک چلا آیا تھا اور دوسری، اس سے بڑی غلطی یہ کی تھی کہ میرے اور آچر کے درمیان آ گیا تھا۔ میں نے اس موقع سے پورا پورا فائدہ اٹھایا اور ایک لمحہ ضائع کیے بغیر جھکتے ہوئے میران کی طرف چھلانگ لگا دی۔

میں نے میران پر چھلانگ اس طرح لگائی تھی کہ گرفت میں لیتے ہوئے اسے اپنے سامنے ہی رکھا تھا۔ چنگیر اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر گر گئی۔ قہوے کا مگ الٹ گیا، مگر میران میری آہنی گرفت میں آ چکا تھا۔ میں اگرچہ اس کے نیچے تھا، لیکن میں نے دونوں ہاتھوں سے اس کا گلا دبوچ لیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی میں بھی چیخا، ”آچر! اگر تم میران کی زندگی چاہتے ہو تو رائفل پھینک دو۔ ایک لمحے کی بھی تاخیر کی تو میں اس کا گلا گھونٹ دوں گا۔“

آچر کے منہ سے غلیظ گالیوں کا گٹر ابل پڑا۔ وہ میری ماں، بہنوں اور خاندان بھر کی خواتین سے زبانی طور پر غیر اخلاقی رشتے جوڑ رہا تھا۔ پھر وہ بھی آگے کو لپکا۔ میران اگرچہ قد کاٹھ میں مجھ سے زیادہ تھا، مگر میرے شکنجے میں آ چکا تھا۔ میں ایک جھٹکے سے اٹھ گیا اور اسے اپنی ڈھال بنائے ہوئے دیوار کے ساتھ ٹیک لگا لی۔ وہ اپنے آپ کو چھڑانے کی کوشش کر رہا تھا، مگر اس کے گلے پر میری گرفت خاصی مضبوط تھی۔

آچر نے مجھے ڈرانے کے لیے چھت کی طرف رائفل کا برسٹ مار دیا، لیکن میں خوف زدہ نہیں ہوا۔ وہ گالیاں بکتا ہوا قریب آ گیا اور رائفل کے بٹ سے مجھے ضرب لگانے کی کوشش کی، مگر میں نے بڑی تیزی سے میران کو آگے کر دیا۔ رائفل کا بٹ میران کے پہلو میں لگا اور وہ بلبلا اٹھا۔ دوسرے وار سے بچنے کے لیے بھی میں نے میران ہی کو ڈھال بنایا تھا۔ اس مرتبہ میران کے منہ سے بہت غلیظ قسم کی گالی نکل گئی۔

دوسری چوٹ کھا کر میران بری طرح مچلا۔ اس طرح اس کے گلے پر میری گرفت ڈھیلی پڑ گئی۔ اس نے دونوں ہاتھ میری کلائیوں پر رکھ کر زور دار جھٹکا دیا۔ اس کی گردن میری گرفت سے نکل گئی، لیکن اس نے جو دوسری حرکت کی تھی، وہ خاصی خطرناک تھی۔ اس نے دونوں ہاتھ میرے کندھوں پر رکھ کر انگوٹھے دونوں طرف ہنسلی کی ہڈیوں کے قریب رکھ دیے اور پوری قوت سے دباؤ ڈالنے لگا۔

میں اپنے آپ کو لڑائی بھڑائی کا بڑا ماہر سمجھتا تھا، لیکن اس کم بخت میران نے ایسا داؤ لگایا تھا کہ مجھے سینے میں سانس رکتا ہوا محسوس ہونے لگا۔ میں اس کی کلائیوں پر گرفت جمائے اپنے آپ کو چھڑانے کی کوشش کر رہا تھا، مگر کامیاب نہ ہو سکا۔ اس وقت مجھے میران کے چہرے پر بے پناہ درندگی نظر آئی۔ لگتا تھا وہ مجھے زندہ نہیں چھوڑے گا۔ میرے پاس اب بچاؤ کا صرف ایک ہی راستہ تھا۔

میں نے گھٹنا پوری قوت سے اس کی ٹانگوں کے بیچ میں مار دیا۔ اس نے بلبلاتے ہوئے نہ صرف میری گردن چھوڑ دی بلکہ وہ دونوں ہاتھ ٹانگوں کے بیچ میں رکھتا ہوا دوہرا ہو گیا۔ میرے گھٹنے کی دوسری ضرب اس کے جھکے ہوئے چہرے پر لگی۔ وہ ایک بار پھر چیخ اٹھا۔

میران کے الگ ہو جانے سے آچر کو مجھ پر حملہ کرنے کا موقع مل گیا۔ اس نے رائفل کے بٹ سے میرے کندھے پر وار کیا۔ میں اس وقت دیوار سے ہٹ چکا تھا۔ رائفل کا بٹ میرے شانے پر لگا۔ میں لڑکھڑا کر ایک طرف ہٹا، لیکن اپنے آپ کو فوراً ہی سنبھال لیا۔ آچر نے دوسرا وار کرنا چاہا تو میں نے رائفل پکڑ لی۔ اب ہم دونوں میں رائفل کے لیے کشمکش ہو رہی تھی۔ اس کا بٹ میرے ہاتھ میں تھا اور نالی آچر کی گرفت میں تھی۔

میں نے ٹریگر دبا دیا۔ کمرہ تڑتڑاہٹ کی آواز سے گونج اٹھا۔ رائفل کی نالی آچر کی بغل سے پیچھے کو نکلی ہوئی تھی۔ گولیاں اسے کوئی نقصان پہنچائے بغیر سامنے والی دیوار کو ادھیڑنے لگیں۔ آچر کے منہ سے نکلنے والی گالیوں کی رفتار تیز ہو گئی۔ اسے اپنی مادری زبان میں جتنی گالیاں یاد تھیں، رائفل کی گولیوں کی طرح اس کے منہ سے نکل رہی تھیں۔

اس دوران میران بھی سنبھل چکا تھا۔ اس نے میری پشت پر پہنچ کر دوہتڑ میری گردن پر رسید کیا۔ میں کراہتا ہوا منہ کے بل فرش پر ڈھیر ہو گیا۔ رائفل کا بٹ بھی میرے ہاتھ سے نکل گیا تھا اور اس سے پہلے کہ میں سنبھل سکتا، وہ دونوں مجھ پر پِل پڑے۔ گھونسے اور ٹھوکریں میرے جسم کے ہر حصے کی مزاج پرسی کرنے لگیں۔ وہ دونوں گینڈوں کی طرح طاقت ور تھے۔ ان کے گھونسوں اور ٹھوکروں میں بڑی جان تھی۔

مجھے ادھ موا کر کے چھوڑ دیا اور دونوں تیزی سے کمرے سے باہر نکل گئے۔ آچر نے بڑی پھرتی سے دروازہ بند کر کے تالا لگا دیا۔ اس کے منہ سے اب بھی گندی گالیوں کا طوفان امڈ رہا تھا۔ آنکھوں کی سرخی کچھ اور بڑھ گئی تھی، لیکن ایک بات میں نے خاص طور پر نوٹ کی تھی کہ وہ دونوں بری طرح ہانپنے لگے تھے۔ اگر لڑائی چند منٹ اور جاری رہتی تو میں ان دونوں کو ڈھیر کر دیتا۔

میں چیختا ہوا دروازے کی طرف لپکا، ”آچر! میرے جسم پر جتنی چوٹیں لگی ہیں، مجھے یاد ہیں۔ تم بھی یاد رکھنا، یہاں سے جانے سے پہلے میں ایک ایک چوٹ کا حساب لوں گا تم سے۔ چھوڑوں گا نہیں!“

مجھے لپکتے دیکھ کر وہ دونوں دروازے سے کئی قدم پیچھے ہٹ گئے۔ آچر نے رائفل تان لی اور خونخوار نظروں سے میری طرف دیکھتے ہوئے غرایا، ”اگر رئیس قبو کا ڈر نہ ہوتا تو اس رائفل کی ساری گولیاں تیرے جسم میں اتار دیتا۔ اب بیٹھ کر اپنی چوٹیں سہلاتے رہو۔ اگر ضرورت پڑی تو کسی وقت تمہاری اور خدمت بھی کروں گا۔“

میں نے بھی چیخ کر کہا، ”خدمت تو اب میں تمہاری کروں گا!“

وہ دونوں گالیاں بکتے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔ میں کچھ دیر تک دروازے کی سلاخیں پکڑے کھڑا رہا اور پھر دیوار کے ساتھ ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔ میرے جسم کا جوڑ جوڑ دکھ رہا تھا۔ کم بختوں نے بڑی زور دار مار لگائی تھی۔ مجھ سے بھی اندازے کی ذرا سی غلطی ہوئی تھی، لیکن اس غلطی کا یہ فائدہ ضرور ہوا تھا کہ مجھے ان کی طاقت کا اندازہ ہو گیا تھا۔ اب اگر مجھے موقع ملا تو انہیں اس طرح ہاتھ پیر چلانے نہیں دوں گا۔

میں دیر تک اپنی چوٹیں سہلاتا رہا۔ پیٹ میں ایک بار پھر اینٹھن سی ہونے لگی۔ میں نے ادھر ادھر دیکھا۔ نمک والی یہ روٹی بہت مزہ دے رہی تھی۔ جب پیٹ خالی ہو تو ہر چیز مزہ دیتی ہے۔ روٹی کھا کر میں نے گلاس بھر پانی پیا اور دیوار سے ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔ روشن دان سے آنے والی دھوپ غائب ہو چکی تھی، جس سے کمرے میں اندھیرا سا ہو گیا تھا۔

میں دیوار سے ٹیک لگائے بیٹھا رہا اور سوچتا رہا کہ یہ لوگ کون تھے اور مجھے یہاں کیوں لائے تھے۔ آچر نے کسی رئیس قبو خان کا نام لیا تھا اور غالباً اس کے کہنے پر مجھے یہاں لایا گیا تھا۔ مگر یہ رئیس قبو خان کون تھا؟ مجھ سے اس کی کیا دشمنی تھی جو مجھے یہاں ویرانے میں اس قید خانے میں لا کر ڈال دیا گیا تھا؟

دوپہر کے وقت پیٹ میں مروڑ سا اٹھنے لگا۔ میں دروازے کی سلاخوں کو جھنجوڑتے ہوئے آچر اور میران کو آوازیں دینے لگا۔ تقریباً پانچ منٹ کے بعد میران دروازے کے سامنے نمودار ہوا۔ اس کے ہاتھ میں ریوالور تھا۔ وہ میری طرف دیکھتے ہوئے غرایا، ”کیوں چیخ رہے ہو؟ ماں مر گئی ہے کیا؟“

میں نے کہا، ”ماں تو بہت عرصہ پہلے مر گئی تھی۔ اس وقت تو میرے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا ہے۔ مجھے تھوڑی دیر کے لیے یہاں سے باہر نکالو۔“

میران نے گھورتے ہوئے کہا، ”پاگل ہوا ہے کیا؟ یا ہمارا دماغ خراب ہو گیا ہے جو تجھے نکالیں! وہ کھرا ہے نا!“ اس نے کونے کی طرف اشارہ کیا۔ ”جو کچھ کرنا ہے، وہیں پر کرو۔ سمجھے؟“

وہ مزید کچھ سنے بغیر واپس چلا گیا۔ میں دروازے کے قریب کھڑا رہا، پھر مڑ کر کھرے کی طرف دیکھا۔ آخرکار مجھے وہ کھرا ہی استعمال کرنا پڑا۔ بعد میں ڈھیر سارا پانی بہا دینے کے باوجود بو سے میرا دماغ پھٹا جا رہا تھا۔

اس روز دوپہر اور رات کو بھی مجھے کھانے کو کچھ نہ دیا گیا۔ وہ رات بھی میرے لیے خاصی اذیت ناک ثابت ہوئی تھی۔ جسم کے مختلف حصوں میں درد کی لہریں اٹھتی رہیں اور میں رات بھر بے چین رہا۔

صبح آنکھ کھلی تو کمرے میں روشن دان سے آنے والی دھوپ چمک رہی تھی۔ دروازے کے قریب ہی ایک چنگیر رکھی ہوئی تھی، جس میں قہوے کا مگ اور ایک روٹی تھی۔ میرا خیال ہے، وہ لوگ دروازہ کھولے بغیر میرا یہ کھانا یا ناشتہ یہاں رکھ گئے تھے۔ دوسری چنگیر اور مگ بھی کمرے ہی میں پڑے ہوئے تھے۔

میں دل ہی دل میں مسکرا کر رہ گیا۔ میں اگرچہ بے خبر سو رہا تھا، لیکن وہ کمرے میں داخل ہونے کی ہمت نہیں کر سکے تھے۔ میں نے اٹھ کر منہ ہاتھ دھوئے اور چنگیر اٹھا کر اپنی جگہ آ گیا۔ قہوہ بالکل ٹھنڈا ہو چکا تھا۔ ناشتہ کرنے کے بعد میں نے دونوں چنگیریں اور دونوں مگ دروازے کی سلاخوں سے نکال کر باہر رکھ دیے۔ چنگیریں اور مگ بھی سارا دن وہیں پڑے رہے۔

شام سے ذرا پہلے مجھے کھانے کے لیے صرف ایک روٹی دی گئی۔ موٹی موٹی یہ روٹیاں غالباً آچر ہی پکاتا تھا۔ سالن وغیرہ کا شاید یہاں کوئی تصور نہیں تھا۔ مجھے اس کوٹھڑی میں قید ہوئے تین دن ہو چکے تھے اور ان تین دنوں کے دوران ان دونوں میں سے کوئی بھی کمرے میں داخل نہیں ہوا تھا۔ ایک تجربہ ہو جانے کے بعد وہ لوگ کسی قسم کا رسک لینے کو تیار نہیں تھے۔ ان تین دنوں میں میری اپنی حالت بہت ابتر ہو چکی تھی۔ مجھے اپنے آپ سے گھن آنے لگی تھی۔

وہ چوتھے دن کی شام تھی۔ کھانے میں مجھے حسبِ معمول وہی ایک نمکین روٹی دی گئی تھی۔ میں اس وقت کمرے کی تاریکی میں دیوار کے ساتھ ٹیک لگائے بیٹھا، مچھروں کو مارنے کی کوشش میں اپنے آپ کو تمانچے مار رہا تھا کہ کمپاؤنڈ میں کسی گاڑی کے رکنے کی آواز سن کر میں چونک گیا۔ گاڑی کا انجن ایک مرتبہ غرا کر بند ہو گیا۔ دو تین آدمیوں کے زور زور سے بولنے کی آواز سنائی دیتی رہی۔ وہ لوگ سندھی زبان میں باتیں کر رہے تھے۔ کوئی لفظ میری سمجھ میں نہیں آیا۔

میرا خیال تھا کہ یہ ان کا تیسرا ساتھی تھا، جو اس روز مجھے یہاں چھوڑ کر واپس چلا گیا تھا۔ آدھے گھنٹے کے بعد راہداری میں روشنی دکھائی دی، جو لمحہ بہ لمحہ واضح ہوتی گئی۔ قدموں کی آواز سے میں اندازہ لگا سکتا تھا کہ وہ دو سے زیادہ آدمی تھے۔ صرف ایک منٹ کے بعد وہ دروازے کے سامنے پہنچ گئے۔ میرا اندازہ درست نکلا۔ وہ تین تھے: آچر، میران اور ایک نیا چہرہ۔

میران کے ایک ہاتھ میں ریوالور اور دوسرے میں لالٹین تھی۔ آچر کی رائفل اس کے کندھے پر لٹکی ہوئی تھی۔ اس کے ایک ہاتھ میں کی رِنگ تھا۔ تیسرے کے ہاتھ میں کلاشنکوف تھی۔ میرا خیال تھا، وہ لوگ مجھے اس کوٹھڑی سے باہر نکالیں گے۔ آچر نے چابی والا ہاتھ آگے بڑھایا ہی تھا، لیکن تیسرے آدمی نے اسے روک لیا۔ وہ گہری نظروں سے مجھے دیکھ رہا تھا۔ اس کا حلیہ بھی انہی جیسا تھا اور آنکھوں میں بھی سرخی تھی۔

وہ دروازے کے سامنے کھڑے اپنی زبان میں باتیں کرتے رہے۔ میں ان کی گفتگو کا مطلب تو نہیں سمجھ سکا، لیکن باتوں سے تیسرے آدمی کا نام معلوم ہو گیا تھا۔ وہ مقدم تھا۔ کچھ دیر کے بعد وہ لوگ واپس چلے گئے۔ میرے سر میں اس وقت بڑی شدت کا درد ہو رہا تھا۔ میں نے دونوں بازو گھٹنوں پر رکھے اور ان پر سر ٹکا کر اونگھنے لگا۔

مجھے نہیں معلوم، کب دروازہ کھلا اور کب وہ لوگ اندر آئے، مگر میرے پہلو میں لگنے والی وہ ٹھوکر بڑی زور دار تھی۔ میں بلبلاتا ہوا الٹ گیا۔ سنبھلنے سے پہلے ہی ایک اور ٹھوکر پڑی۔ اس کے ساتھ ہی آچر کی غراتی ہوئی آواز سنائی دی، ”چلو، اٹھو! مگر خیال رکھنا، اب کوئی بہادری دکھانے کی کوشش کی تو اس رائفل کی ساری گولیاں تمہارے جسم میں اتار دوں گا۔“

اس کی رائفل کا رخ میری طرف تھا۔ مجھے ٹھوکر بھی اسی نے ماری تھی۔ میں نے اٹھتے ہوئے دانت کچکچائے۔ کہا، ”آچر! تم اپنے لیے مشکلیں پیدا کر رہے ہو۔ مجھے کسی نہ کسی وقت موقع ضرور ملے گا اور پھر میں ایک ایک چوٹ کا بدلہ لوں گا۔“

آچر نے ایک اور ٹھوکر ماری۔ بولا، ”دماغ تو دیکھو حرامی کا! مار کھا رہا ہے اور دھمکیاں بھی دیتا ہے۔“

میں نے کہا، ”موقع ملتے ہی میں ان دھمکیوں پر عمل بھی کروں گا۔“

مقدم اور میران نے بھی مجھے اپنے ہتھیاروں کی زد میں لے رکھا تھا۔ لالٹین دروازے کے باہر پڑی ہوئی تھی۔ وہ تینوں مجھے رائفل کی زد پر کمرے سے باہر لے آئے۔ میران نے لالٹین اٹھا لی۔ آچر مجھے بار بار ٹھوکریں مار رہا تھا۔ شاید کوئی نفسیاتی گرہ تھی۔ اسے نہتے اور بے بس لوگوں پر ہاتھ اٹھانے کا شوق تھا، اور میں دعوے سے کہہ سکتا تھا کہ اگر وہ میرے ہاتھ لگ گیا تو دو چار ہاتھ کھانے کے بعد ہی قدموں پر گر کر زندگی کی بھیک مانگنے لگے گا۔

وہ لوگ مجھے کمپاؤنڈ میں لے آئے۔ دوسرے کمرے کے سامنے سے گزرتے ہوئے میں نے دیکھا تھا کہ دروازہ بند تھا اور تالا لگا ہوا تھا۔ کمپاؤنڈ میں بغیر ہڈ والی ایک جیپ کھڑی تھی۔ اس کے پچھلے حصے میں آمنے سامنے دو لمبی سیٹیں تھیں۔ ان سیٹوں اور ڈرائیونگ سیٹ کے درمیان اوپر ایک پائپ لگا ہوا تھا، جس میں سرچ لائٹ کی طرح کی دو لائٹیں نصب تھیں۔ اس پائپ سے دو پائپ پیچھے کی طرف ترچھے لگے ہوئے تھے۔

مجھے پیچھے والی سیٹ پر بٹھا دیا گیا۔ میرے دائیں ہاتھ میں ہتھکڑی لگا دی گئی۔ ہتھکڑی کا دوسرا حصہ پائپ سے لگا دیا گیا۔ ہتھکڑی کی چابی آچر نے اپنی جیب میں ڈال دی۔ میران میرے سامنے والی سیٹ پر ذرا ہٹ کر بیٹھ گیا۔ اس نے لالٹین بجھا کر اسے قریب ہی ایک شکستہ دیوار پر رکھ دیا۔ مقدم نے ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی اور آچر پیسنجر سیٹ پر بیٹھ گیا۔

انجن اسٹارٹ ہوا اور جیپ عمارت کے کمپاؤنڈ سے نکل کر ویرانے میں دوڑنے لگی۔ جیپ کے ہیڈ لیمپس کی روشنی میں سامنے تاحدِ نگاہ ریت ہی ریت نظر آ رہی تھی۔ یہ ریت سخت تھی اور کہیں کہیں جھاڑیاں بھی دکھائی دے رہی تھیں۔ میران ریوالور سنبھالے بہت محتاط انداز میں بیٹھا ہوا تھا۔ ہتھکڑی لگنے کے بعد میں اگرچہ بے بس ہو چکا تھا، لیکن اس کے باوجود وہ میری طرف سے کسی قسم کا خطرہ محسوس کر رہا تھا۔

ہمارا سفر تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران صرف دو مرتبہ بہت دور کچھ روشنیاں ٹمٹماتی ہوئی دکھائی دی تھیں۔ وہ یقیناً کوئی چھوٹی بستیاں تھیں، مگر ہماری جیپ ان سے دور ہی نکل گئی تھی۔ چھوٹی جھاڑیوں کی جگہ اب راستے کے دونوں طرف کیکر کے جھاڑ نظر آ رہے تھے، جو بتدریج گنجان ہوتے چلے گئے۔ یہ کیکر کا جنگل تھا۔ راستہ درختوں میں بل کھاتا ہوا جا رہا تھا۔ جیپ کی رفتار بھی کم ہو گئی تھی۔

آخرکار کیکر کا یہ جنگل ختم ہو گیا۔ اس سے آگے زرعی علاقہ تھا۔ سڑک کے دونوں طرف کھیت تھے، مگر یہ اندازہ لگانا دشوار تھا کہ ان کھیتوں میں فصلیں کون سی تھیں۔ البتہ یہ بات ضرور تھی کہ ان کھیتوں کی وجہ سے فضا میں کچھ خنکی سی آ گئی تھی، جو بڑی بھلی لگ رہی تھی۔ انہی کھیتوں میں کافی دور ایک مدھم سی روشنی ٹمٹماتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی اور ہماری جیپ کا رخ اسی طرف تھا۔

تقریباً دس منٹ کے بعد جیپ ایک کچے مکان کے سامنے رک گئی۔ یہاں پہلے سے سرمئی رنگ کی ایک شاندار پجیرو کھڑی تھی۔ اس مکان کے اطراف میں درختوں کی بہتات تھی۔ جیپ رکی تو کسی طرف سے بھینس کے ڈکرانے کی آواز سنائی دی۔ مقدم نے ابھی انجن بند نہیں کیا تھا کہ دو آدمی دائیں بائیں درختوں سے نکل کر سامنے آ گئے۔ ان دونوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف رائفلیں تھیں۔ ان کے حلیے بھی آچر اور میران سے مختلف نہیں تھے۔

مقدم نے انجن بند کر کے ہیڈ لیمپس بھی بجھا دیے اور وہ تینوں نیچے اتر گئے۔ مقدم نے ان دونوں کی طرف دیکھتے ہوئے پوچھا، ”رئیس قبو خان کہاں ہے؟“

ان میں سے ایک نے خشک لہجے میں کہا، ”رئیس اندر بیٹھا ہے۔ تمہارے استقبال کے لیے یہاں تو نہیں کھڑا ہوگا۔“

مقدم نے میری طرف اشارہ کرتے ہوئے اس آدمی سے کہا، ”قیدی کا خیال رکھنا۔ میں رئیس سے بات کر کے آتا ہوں۔“

اس شخص نے مقدم کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ بولا، ”تم یہیں رکو، پہلے میں رئیس کو خبر تو کروں۔“

اور وہ خود مکان کے دروازے میں داخل ہو گیا۔ مکان کے دروازے پر بلب جل رہا تھا۔ اسی کی روشنی ہمیں دور سے دکھائی دے رہی تھی۔ میں نے مقدم کی طرف دیکھا۔ اس شخص کے رویے سے اس کے چہرے کے تاثرات بگڑ گئے تھے۔ وہ خجل سا ہو کر آچر اور میران سے باتیں کرنے لگا۔ ان کی یہ حرکت دیکھ کر پھر نجانے کیوں میرے ہونٹوں پر خفیف سی مسکراہٹ آ گئی اور میں ادھر ادھر دیکھنے لگا۔

مکان کے دائیں طرف شاید مویشیوں کا باڑا تھا۔ بھینس کے ڈکرانے کی آواز بھی اسی طرف سے آئی تھی اور ہوا کے ساتھ گوبر کی ناگوار بو بھی آ رہی تھی۔ مجھے اندازہ لگانے میں دشواری پیش نہیں آئی کہ یہ کسی سندھی وڈیرے کا ڈیرہ تھا۔ پجیرو جیسی شاندار اور قیمتی گاڑیاں انہی وڈیروں اور جاگیرداروں کے پاس زیادہ نظر آتی ہیں۔ یہ لوگ غریب کسانوں کا خون چوس چوس کر جس طرح دولت سمیٹتے ہیں، اس کے بارے میں سب ہی جانتے ہیں۔ کڑاکے کی سردی اور گرمیوں کی چلچلاتی دھوپ میں زمین کا سینہ چیر کر اناج پیدا کرنے والے کسان اور ہاری تو نانِ شبینہ تک کو محتاج رہتے ہیں، اور یہ وڈیرے اور جاگیردار۔۔۔

لیکن مجھے یہاں کیوں لایا گیا تھا؟ اس سوال کے ساتھ ہی میرے ذہن میں ایک خیال ابھرا۔ سندھ میں وڈیروں کی پرائیویٹ جیلوں کے چرچے عام تھے۔ یہاں ہاریوں سے دن بھر کھیتوں میں بیگار لی جاتی تھی اور شام ہوتے ہی انہیں جیل میں بند کر دیا جاتا تھا۔ غلاموں کی طرح مزدوروں کی خرید و فروخت ہوتی تھی۔ مجھ جیسے ہٹے کٹے اور جوان آدمی مختلف علاقوں سے اغوا کیے جاتے تھے اور یہاں ان سے غلاموں جیسا سلوک ہی کیا جاتا تھا۔ ان کی نجات مرنے کے بعد ہی ہوتی تھی۔ میں سوچ رہا تھا کہ کہیں مجھے بھی تو اس لیے یہاں نہیں لایا گیا کہ رئیس قبو سے میرے پیسے کھرے کر لیے جائیں۔

وہ آدمی تقریباً پانچ منٹ کے بعد باہر آیا۔ اس نے آچر وغیرہ کو اشارہ کیا تو وہ تینوں اندر چلے گئے۔ اس کے تقریباً دس منٹ کے بعد آچر مکان سے باہر آیا۔ اس نے دونوں آدمیوں سے کچھ کہا، جنہوں نے مجھے رائفلوں کی زد پر لے لیا، اور آچر نے میری ہتھکڑی کھول دی۔

مکان کے اس کمرے میں داخل ہوتے ہی میری آنکھیں حیرت سے پھیلتی چلی گئیں۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ کھیتوں میں واقع اس کچے مکان کا کمرہ اندر سے اتنا شاندار ہوگا۔ دبیز قالین، ایک طرف کنگ سائز ڈبل بیڈ، جس پر ہلکے نیلے رنگ کی سلکی چادر بچھی ہوئی تھی۔ اس کے سامنے آرام دہ اور قیمتی صوفے، ایک کونے میں سفید فارمیکا کی خوب صورت الماری، اس کے ساتھ ڈریسنگ ٹیبل اور ایک طرف خوب صورت ٹرالی پر رنگین ٹی وی اور نچلے حصے میں وی سی آر رکھا ہوا تھا۔ دیواروں پر خوب صورت فریموں میں عورتوں کی عریاں اور نیم عریاں تصویریں آویزاں تھیں۔

بہت شاندار کمرہ تھا۔ ہر چیز شاندار تھی، اور ان میں سب سے زیادہ شاندار وہ چیز تھی جو ایک صوفے پر بیٹھی ہوئی تھی۔ اسے دیکھ کر بھارتی اداکارہ مادھوری کا تصور ذہن میں ابھر آیا، مگر وہ مادھوری سے زیادہ حسین تھی اور صوفے پر اس کے بیٹھنے کا انداز اس سے بھی زیادہ دل کش تھا۔ اس نے گلابی رنگ کا شب خوابی کا لباس پہن رکھا تھا۔ ایک گھٹنا بچھا ہوا سا تھا اور دوسرا اٹھا ہوا۔ وہ ناخنوں پر پالش کر رہی تھی۔ اس نے ایک نظر میری طرف دیکھا اور پھر دوسرا گھٹنا بھی نیچے کر لیا۔

دوسرے صوفے پر رئیس قبو خان بیٹھا ہوا تھا۔ وہ چھے فٹ کا گورا چٹا آدمی تھا۔ کلین شیو، لگتا تھا تھوڑی دیر پہلے ہی شیو کی ہو۔ اس نے گرے رنگ کا سفاری سوٹ پہن رکھا تھا۔ وہ گہری نظروں سے میری طرف دیکھتا رہا، پھر آچر کی طرف دیکھتے ہوئے بولا، ”کیا حلیہ بنا رکھا ہے اس کا؟ مارا پیٹا تھا کیا؟“

آچر بولا، ”اس نے بھاگنے کی کوشش کی تھی، رئیس! میران پر حملہ کر دیا تھا۔ اگر میں نہ بچاتا تو یہ اس کا گلا گھونٹ دیتا۔ تھوڑی بہت سزا تو دینی ہی پڑی تھی، رئیس! بڑا غضب ناک ہے یہ چھوکرا۔“

رئیس قبو نے پوچھا، ”کوئی مانی شانی بھی دیا ہے یا بھوکا رکھا ہے؟“

آچر بولا، ”شام کو مانی دیا تھا، رئیس!“

رئیس قبو نے ایک آدمی کی طرف دیکھا۔ بولا، ”روشن!“

اس نے فوراً ہی رئیس کے سامنے ہاتھ جوڑ دیے۔ ”جی، سائیں!“

رئیس قبو نے کہا، ”اس کو غسل خانہ دکھاؤ اور جمال کا کپڑوں کا ایک جوڑا بھی دے دو۔ میرا خیال ہے، اس کی پینٹ اسے پوری آ جائے گی۔“ پھر وہ آچر کی طرف دیکھتے ہوئے بولا، ”تم لوگ باہر جا کر بیٹھو۔ ایک گھنٹے کے بعد یہاں سے روانہ ہو جانا ہے تمہیں۔“

آچر وغیرہ نے بھی ہاتھ جوڑے۔ ”جی، سائیں!“ اور الٹے قدموں چلتے ہوئے کمرے سے باہر نکل گئے۔ روشن نے رائفل سے مجھے اشارہ کیا۔ کمرے سے باہر نکلتے ہی میں نے ایک بار پھر صوفے پر بیٹھی ہوئی اس قیامت کی طرف دیکھا۔
​
 

Create an account or login to read stories

You must be a member in order to leave a comment

Create account

Create an account on our community. It's easy!

Log in

Already have an account? Log in here.

New posts
Back
Top